
ماتا ویشنو دیوی ایم بی بی ایس تنازعہ، سنگھرش سمیتی کا اجلاس منعقد
جموں، 06 جنوری (ہ س)۔ شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی (ایس ایم وی ڈی یو) میں ایم بی بی ایس نشستوں کی تقسیم کو لے کر جاری تنازعہ کے درمیان شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کے کور گروپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئر رہنما سنیل شرما کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے، جہاں انہوں نے اس معاملے پر بی جے پی کا باضابطہ موقف رکھا اور سنگھرش سمیتی کے اراکین کی جانب سے اٹھائے گئے اہم اور دوٹوک سوالات کے جوابات دیے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ بی جے پی اس حساس مسئلے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے اراکین اسمبلی اس سلسلے میں پہلے ہی جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ پارٹی کے ایک وفد نے نئی دہلی میں بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سمیت دیگر اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقات کی، جہاں جموں کے عوام کے جذبات اور مطالبات سے انہیں آگاہ کیا گیا۔
قائد حزبِ اختلاف نے زور دے کر کہا کہ بی جے پی میڈیکل یونیورسٹی سے متعلق اس معاملے کی سنگینی کو پوری طرح سمجھتی ہے اور اسے ہر سطح پر مؤثر طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بی جے پی کے تمام ایم ایل ایز مرکزی قیادت اور اعلیٰ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ سنیل شرما نے یہ بھی وعدہ کیا کہ سنگھرش سمیتی کی جانب سے دی گئی تجاویز اور ہدایات کو وہ ذاتی طور پر پارٹی ہائی کمان تک پہنچائیں گے تاکہ اس مسئلے کا منصفانہ، اعلیٰ سطحی اور فوری حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں جو بھی متفقہ فیصلہ ہوگا، بی جے پی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔
اس موقع پر شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کے کنوینر کرنل سکھویر سنگھ منکوٹیا نے سنیل شرما کی جانب سے پیش کی گئی وضاحت اور حقائق پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا واحد مقصد اس معاملے کا منطقی اور جلد از جلد حل تلاش کرنا ہے تاکہ سناتن دھرم کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ کرنل منکوٹیا نے اعلان کیا کہ کمیٹی جلد ہی جموں کی دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کرے گی تاکہ ان کا موقف جانا جا سکے اور یہ پرکھا جا سکے کہ وہ اس جدوجہد میں جموں اور عوامی مفادات کے حامی ہیں یا نہیں۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ مسئلے کا فوری حل ہی اولین ترجیح ہے۔
شری سناتن دھرم سبھا کے صدر پرشوتم دادھیچی نے کہا کہ سنیل شرما کی جانب سے بی جے پی کے موقف کی واضح پیش کش سے مثبت امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ شرائن بورڈ یونیورسٹی میں داخلوں سے متعلق تنازعہ کا کوئی ٹھوس اور قابلِ عمل حل جلد سامنے آئے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر