ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے سول سکریٹریٹ کو سیل کر دیا
جموں، 06 جنوری (ہ س)۔ ایم بی بی ایس داخلوں سے متعلق ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے منگل کے روز جموں میں واقع سول سکریٹریٹ کو سیل کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام حال ہی میں قائم ہونے والی شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کی جانب سے دی گئی احتجاجی
Police sealed


جموں، 06 جنوری (ہ س)۔

ایم بی بی ایس داخلوں سے متعلق ممکنہ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے منگل کے روز جموں میں واقع سول سکریٹریٹ کو سیل کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ اقدام حال ہی میں قائم ہونے والی شری ماتا ویشنو دیوی سنگھرش سمیتی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کے تناظر میں کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سنگھرش سمیتی نے ایس ایم وی ڈی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسی لینس میں داخلہ عمل پر اعتراض اٹھاتے ہوئے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ پر غیر ہندو طلبہ کے داخلوں میں مبینہ مذہبی جانبداری کا الزام عائد کیا ہے۔ سمیتی نے داخلہ عمل کو منسوخ کرنے یا میڈیکل کالج کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی دستخطی مہم اور بائیکاٹ کے ذریعے احتجاج میں شدت لانے کی وارننگ بھی دی ہے۔

امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سول سکریٹریٹ کے اطراف سینئر افسران کی نگرانی میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی مظاہرین کو ہائی سیکورٹی زون کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دریں اثنا، سنگھرش سمیتی کے رہنماؤں نے شرائن فنڈز کے مبینہ غلط استعمال کے الزامات عائد کرتے ہوئے بی جے پی قیادت اور لیفٹیننٹ گورنر سے مداخلت کا مطالبہ بھی کیا ہے، جبکہ بعض دائیں بازو کی تنظیموں نے داخلہ عمل کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے۔

ادھر حکومت نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل کالج میں تمام داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر اور طے شدہ قوانین و ضوابط کے مطابق کیے گئے ہیں، جن میں مذہب کی کوئی بنیاد شامل نہیں۔ حکام کے مطابق صورتحال پوری طرح قابو میں ہے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر سیکورٹی کے مؤثر انتظامات برقرار رکھے گئے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande