
وزیر اعلیٰ کی صدارت میں ایم پی اربن ڈیولپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ ہوئی
بھوپال، 06 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ ریاست میں شہری ترقیاتی پروجیکٹس کو ’’وکست بھارت @2047‘‘ کے ہدف کو مد نظر رکھتے ہوئے نافذ کیا جائے۔ شہری اداروں کی مالی حالت کو سدھارنے، شہری علاقوں میں نجی سرمایہ کاری کو بڑھانے، شہری خدمات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر مبنی نظاموں کے زیادہ سے زیادہ استعمال، اربن موبلٹی اور ای-وہیکل کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنے پر خاص توجہ دی جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو منگل کو منترالیہ میں مدھیہ پردیش اربن ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 11 ویں میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔ میٹنگ میں شہری ترقیات اور ہاوسنگ وزیر مملکت پرتیما باگری، چیف سکریٹری انوراگ جین اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے عہدیداران موجود تھے۔ میٹنگ میں کمپنی کے انتظامی، مالی اور آڈٹ نیز اکاونٹس سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کر کے ضروری فیصلے لیے گئے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’نمامی گنگے مہم‘‘ کی طرح ہی ’’نمامی نرمدے پروجیکٹ‘‘ پر کام شروع کر کے نرمدا ندی کے ساحل کی شہری آبادیوں کے ٹھوس اور مائع ویسٹ مینجمنٹ، ماحولیاتی اصلاح اور ٹریٹ کیے گئے پانی کے دوبارہ استعمال کے لیے ایکشن پلان بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ سبھی شہری اداروں میں پانی کی سپلائی اور سیوریج کے انتظامات کے تئیں خاص طور پر بیداری اور ہوشیاری برتی جائے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں ریاست میں شہری ترقی کے لیے ایم پی اربن ڈیولپمنٹ کمپنی میں 4 آزاد تجارتی ڈویژنوں کی تشکیل کی تجویز پر رضامندی دی گئی۔ اس میں اثاثہ جات کا انتظام اور پی پی پی موڈ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، شہری نقل و حرکت اور نمامی نرمدے نیز گرین اور ندی تحفظ کے لیے ڈویژنوں کی تشکیل تجویز کردہ ہے۔ اثاثہ جات کے انتظام اور پی پی پی ڈویژن کے تحت شہری اداروں کو خود کفیل بنانے، عوامی مفاد کے کاموں میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے، مالی نظم و ضبط، نیتی آیوگ اور دیگر متعلقہ محکموں سے تال میل اور میٹروپولیٹن ایریا ڈیولپمنٹ پلاننگ کو ترجیح سے لیا جائے گا۔ اس میں سولر پروجیکٹس، گرین بانڈ، غیر استعمال شدہ اثاثوں کے متبادل استعمال جیسی اختراعات بھی تجویز کردہ ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن کے تحت ای-نگر پالیکا سسٹم، سی سی ٹی وی-جی آئی ایس پر مبنی نگرانی کا نظام، سٹیزن سروس پلیٹ فارم کی اپ گریڈیشن، ٹول کلیکشن ای-پورٹل اور آن لائن ریونیو کلیکشن جیسی اسمارٹ سٹی پرنالیاں چلائی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے شہری اداروں کے آس پاس کے علاقوں کی منصوبہ بند ترقی کے لیے منصوبہ بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نرمدا اور تاپی ندی کی ثقافتی اور مذہبی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ندیوں کی مجموعی اور ہمہ جہت ترقی کے لیے ایکشن پلان بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’نمامی گنگے‘‘ کی طرح ’’نمامی نرمدے پروجیکٹ‘‘ کا عملدرآمد سبھی متعلقہ محکمے مربوط طریقے سے کریں۔ اس میں محکمہ شہری ترقیات اور ہاوسنگ، محکمہ پنچایت اور دیہی، محکمہ صنعت، محکمہ جنگلات اور ماحولیات کا اہم کردار ہے۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ اربن موبلٹی ڈویژن کے تحت مدھیہ پردیش ای وی پالیسی پر عملدرآمد، ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہب، روپ وے، ملٹی لیول پارکنگ، پبلک سائیکل سروس، سٹی موبلٹی پلان اور ای-وہیکل چارجنگ انفراسٹرکچر تعمیر کیا جائے گا۔ میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیش راجورا، سنجے دوبے، دیپالی رستوگی، پرنسپل سکریٹری سکھ بیر سنگھ، پی نرہری، کمشنر اربن ایڈمنسٹریشن اینڈ ہاوسنگ سنکیت بھونڈوے اور کمپنی کے دیگر عہدیداران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن