لداخ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ایل جی
لداخ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ایل جی لداخ، 06 جنوری (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ا
LG


لداخ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ایل جی

لداخ، 06 جنوری (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے کہا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر مضبوط کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اسپتالوں کی اپ گریڈیشن، جدید طبی آلات کی تنصیب اور ایک نئے میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا خاص مقصد بلند پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ ضلع کرگل کے اسپتال میں تقریباً 26 کروڑ روپے کی لاگت سے تین ٹیسلا ایم آر آئی مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لیہہ اور کرگل دونوں اضلاع کے اسپتالوں میں عمارتوں اور طبی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں علاج و معالجے کی سہولیات مزید بہتر ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ لداخ میں اس وقت 32 پرائمری ہیلتھ سینٹرز اور 288 آیوشمان آروگیہ مندر قائم ہیں۔ بلند پہاڑی علاقوں میں صحت سے متعلق چیلنجز کے پیش نظر مختلف طبی مراکز میں آکسیجن چیمبرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں، جن پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، تاکہ مریضوں کو بروقت اور مؤثر نگہداشت فراہم کی جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ لیہہ یا کرگل کے اسپتال میں بیٹھا ڈاکٹر کمیونٹی ہیلتھ سینٹرز اور پرائمری ہیلتھ سینٹرز میں موجود دور دراز علاقوں کے مریضوں کو مشاورت فراہم کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ملک میں صحت کا اوسط بجٹ تقریباً 8 فیصد ہے، وہیں لداخ میں صحت کے لیے مختص بجٹ 8.76 فیصد ہے۔

کویندر گپتا نے یہ بھی اعلان کیا کہ لداخ میں جلد ایک نیا میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا، جس کے لیے زمین حاصل کر لی گئی ہے اور تقریباً 786 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس میڈیکل کالج میں 85 فیصد نشستیں درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کے لیے مخصوص ہوں گی اور تمام طلبہ کا تعلق لداخ سے ہوگا۔اس سے قبل لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے پیر کے روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود، اہم ترقیاتی ترجیحات، بنیادی ڈھانچے، رابطہ کاری، سیاحت اور لداخ کی ہمہ گیر ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) اور لداخ انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بھی اس ملاقات کی تصدیق کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ بات چیت کا مرکز لداخ کی مجموعی ترقی اور عوامی مفاد سے جڑے اہم موضوعات رہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande