
جموں ریلوے ڈویژن کے کمرشل منیجر کو اَتی وششٹ ریل سیوا پرسکار 2025 سے نوازا جائے گا
جموں، 06 جنوری (ہ س)۔ ہندستانی ریلوے میں شاندار خدمات اور مثالی کارکردگی کے اعتراف میں جموں ڈویژن کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اُچت سنگھل کو باوقار اَتی وششٹ ریل سیوا پرسکار 2025 سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کی جانب سے دیا جائے گا۔ یہ ایوارڈ سال 2025 کے دوران اُچت سنگھل کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے، خصوصاً جموں ڈویژن میں کمرشل آپریشنز اور مسافروں کی سہولیات کے شعبے میں انقلابی بہتری اور اختراعی اقدامات پر انہیں یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔
جموں ریلوے ڈویژن کے 2025 میں قیام کے بعد اُچت سنگھل نے 23 مارچ 2025 کو سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر کا عہدہ سنبھالا۔ ان کی متحرک قیادت میں ڈویژن میں مسافروں کی سہولیات، آپریشنل کارکردگی اور آمدنی میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اُدھمپور–سری نگر–بارہمولہ ریل لنک منصوبے کی کامیاب عمل آوری، مسافر سہولیات کی اپ گریڈیشن اور خطے میں ریلوے خدمات کی مجموعی بحالی میں ان کا کردار نہایت اہم رہا۔
اَتی وششٹ ریل سیوا پرسکار 2025 کی تقریبِ تقسیم 9 جنوری کو نئی دہلی کے یشودھومی کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی، جہاں ملک بھر کے مختلف زونز اور محکموں سے تعلق رکھنے والے تقریباً سو ممتاز ریلوے ملازمین کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز جموں ڈویژن کے لیے باعثِ فخر ہے اور قوم کی تعمیر میں ریلوے عملے کے کلیدی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ اعزاز پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اُچت سنگھل نے کہا کہ یہ پہچان جموں ڈویژن کی پوری ٹیم کی اجتماعی محنت، خلوص اور لگن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ مسافروں کے آرام، سلامتی اور سہولتوں میں بہتری کے لیے کی گئی مشترکہ کوششوں کا اعتراف ہے اور اس کامیابی کا سہرا ڈویژن کے ہر اُس ملازم کے سر جاتا ہے جس نے ریلوے خدمات کو بہتر بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر