
حیدرآباد , 06 ۔ جنوری (ہ س)۔ شہریوں کو چینی مانجھا کے باعث ہونے والے حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے حیدرآباد پولیس نے ایک اہم حفاظتی مہم کا آغازکیا ہے۔ ساؤتھ زون ڈی سی پی کرن پربھاکرکارے کی قیادت میں دوپہیہ گاڑیوں پرچینی مانجھا سیفٹی راڈز نصب کرنے کی خصوصی مہم شروع کی گئی، جس کا مقصد گردن اورچہرے کو جان لیوا کٹ لگنے کے خطرے کو کم کرنا ہے۔اس مہم کے تحت سینکڑوں موٹر سائیکل اور اسکوٹر سواروں میں سیفٹی راڈز مفت تقسیم کیے گئے اور کئی گاڑیوں پر موقع پرہی یہ حفاظتی آلات نصب کیے گئے۔ پولیس اہلکاروں نے سواروں کو بتایا کہ یہ راڈزتیزدھارمانجھا کے اچانک لگنے کی صورت میں فوری رکاوٹ بن کر شدید چوٹ سے بچاتے ہیں۔یہ پروگرام اولڈ سٹی حیدرآباد کے میر چوک جنکشن پر منعقد کیا گیا، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں ٹریفک گزرتی ہے۔ پولیس نے عوام سے بات چیت کے دوران چینی مانجھا کے خطرات پر آگاہی بھی دی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ممنوعہ مانجھاکے استعمال اورفروخت سے اجتناب کریں۔ڈی سی پی کرن کھیرے نے کہا کہ ماضی میں چینی مانجھا کے سبب کئی سنگین حادثات پیش آچکے ہیں،اس لیے احتیاطی اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دو پہیہ گاڑیوں پر سیفٹی راڈز لگوانا اور غیر قانونی مانجھا کی اطلاع پولیس کو دینا شہری ذمہ داری ہے۔حیدرآباد پولیس کے مطابق اس طرح کی حفاظتی اور آگاہی مہمات شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رہیں گی تاکہ چینی مانجھا سے ہونے والے حادثات کو روکا جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجا سکے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق