
نئی دہلی، 06 جنوری (ہ س): دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق وزیر اعلیٰ آتشی مارلینا کی قیادت میں، عام آدمی پارٹی (آپ) کے رہنماؤں نے منگل کو راجدھانی میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے معاملے پر اسمبلی کے باہر ماسک پہن کر ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
احتجاج کے دوران اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ دہلی میں آلودگی کی صورت حال بہت خراب ہے، اسپتال بھرے پڑے ہیں، لیکن دہلی حکومت اس معاملے سے منہ موڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی آج دہلی کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، لیکن جب عام آدمی پارٹی (آپ) اس سنگین مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرتی ہے، تو وہ بہانے بنا کر اسے ٹال دیتی ہے۔
آتشی نے سوال کیا کہ یہ سارا ڈرامہ کیوں رچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب فٹ بال لیجنڈ میسی نے دہلی کا دورہ کیا تو اسٹیڈیم میں اے کیو آئی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ یہ نہ صرف دہلی بلکہ پورے ملک کی توہین تھی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت آلودگی پر بحث کرنے سے گریز کرتی ہے کیونکہ اس کے پاس اس مسئلے کا کوئی جواب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دہلی آلودگی کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے لیکن حکومت کچھ کرنے کو تیار نہیں ہے۔
آتشی نے مطالبہ کیا کہ اس سطحی سیاست کو فوری طور پر بند کیا جانا چاہئے اور آلودگی کے مسئلہ پر سنجیدہ بحث ہونی چاہئے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی