
مزید 2800 الکٹرک بسیں آرٹی سی میں شامل ہوں گی : وزیر ٹرانسپورٹحیدرآباد، 06 جنوری (ہ س)۔ تلنگانہ کے وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکرنے اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ریاست میں الکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لئے حکومت کے اہم منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایم ای-ڈرائیواسکیم کے تحت فی الحال 575 آرٹی سی بسیں چل رہی ہیں اورجلد ہی مزید 2800 الکٹرک بسیں بیڑے میں شامل کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت ورنگل میونسپلٹی کو 100 اور نظام آباد میونسپلٹی کو50 بسیں فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد متعارف کرائی گئی نئی ای وی پالیسی کے نتیجہ میں ایک سال کے دوران ریاست میں ایک لاکھ الکٹرک گاڑیاں فروخت ہوئی ہیں جبکہ حکومت چارجنگ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں اور گیٹیڈ کمیونٹیز میں چارجنگ پوائنٹس قائم کررہی ہے۔ ای وی پالیسی کی اہم خصوصیات میں یہ شامل ہے کہ الکٹرک گاڑیوں پر دی جانے والی رعایتوں کی وجہ سے حکومت کو 900 کروڑ روپے کے ٹیکس کا نقصان ہوا ہے لیکن ماحولیاتی تحفظ کے لئے حکومت اس پالیسی کو جاری رکھنے پرعزم ہے۔ حکومت نے کمپنیوں سے درخواست کی ہے کہ سرکاری ملازمین کو ای وی کی خریداری پر 20 فیصد رعایت دی جائے جبکہ اسکولوں، ایم این سی کمپنیوں اورخود سرکاری محکموں میں 25 سے 50 فیصد تک الکٹرک گاڑیاں خریدنے کی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق