
اساتذہ ایک ترقی پسند اور باشعور معاشرے کی تشکیل کے حقیقی معمار ہیں۔سکینہ ایتو
جموں, 05 جنوری (ہ س)۔
جموں و کشمیر کی وزیرِ تعلیم، سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے ادھم پور میں اساتذہ کے ایک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ ایک ترقی پسند اور باشعور معاشرے کی تشکیل کے حقیقی معمار ہیں۔ انہوں نے معاشرے کی فکری و اخلاقی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اساتذہ کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا۔کنونشن میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نسیم جاوید چودھری، اے سی آر اُدھم پور، جوائنٹ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن اُدھم پور ،ریاسی، ضلع سماجی بہبود افسر، چیف میڈیکل آفیسر، چیف ایجوکیشن آفیسر اُدھم پور سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اور بڑی تعداد میں اساتذہ شریک تھے۔
خطاب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذہ کا کردار محض نصابی کتابوں اور کلاس روم تک محدود نہیں بلکہ وہ ذمہ دار شہریوں کی تربیت میں فیصلہ کن حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ بدلتے تعلیمی تقاضوں کے مطابق جدید اور اختراعی تدریسی طریقے اختیار کریں اور مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے نئی نسل کی امنگوں پر پورا اتریں۔
سکینہ ایتو نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت میں شروع کی گئی رہبرِ تعلیم اسکیم نے جموں و کشمیر کے تعلیمی منظرنامے میں انقلابی تبدیلی لائی، جس کے ذریعے دور دراز علاقوں کے طلبہ کو اپنے علاقوں میں معیاری تعلیم میسر آئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں سے تعلیم حاصل کرنے والے متعدد آئی اے ایس، آئی پی ایس اور جے کے اے ایس افسران اساتذہ کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
وزیر نے استاد و طالب علم کے تعلق کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی تعلیمی اداروں کی بنیاد ہونی چاہیے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تعلیمی ڈھانچے کی بہتری، تدریسی معیار کے فروغ اور ہمہ جہت تعلیم کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن جموں نے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران تعلیمی شعبے میں نمایاں اصلاحات کی گئی ہیں، جن میں تعلیمی سیشن میں تبدیلی، سینیارٹی لسٹس کی بروقت اپ ڈیٹ، ڈی پی سیز کا انعقاد اور دیگر دیرینہ مسائل کا حل شامل ہے۔
کنونشن میں اساتذہ نے حکومتی اقدامات، بالخصوص تعلیمی سیشن میں تبدیلی، سی پی ڈبلیوز کی باقاعدگی، پرنسپلز اور اساتذہ کی تعیناتی، نصابی کتب کی دستیابی اور ڈی پی سیز کے انعقاد پر وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا۔ اساتذہ نے ریٹائرمنٹ کے وقت لیو سیلری، پرانی پنشن اسکیم کی بحالی، غیر تدریسی ذمہ داریوں سے اساتذہ کی واپسی اور مڈ ڈے میل اسکیم کی بقایاجات کی بروقت ادائیگی جیسے مطالبات بھی پیش کیے۔
کنونشن کے موقع پر وزیر تعلیم نے محکمہ سماجی بہبود کی خواتین مستفیدین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں، جبکہ قومی سطح کے کھیلوں اور تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں سائیکلیں بھی تقسیم کی گئیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر