
حیدرآباد، 5 جنوری (ہ س)۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی (ایچ سی یو) کے جنگلاتی علاقہ کے قریب ہرن کار سے ٹکراگیا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ۔اس حادثہ کے سبب اولڈ ممبئی ہائی وے پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ایچ سی یو کی اینیمل پروٹیکشن ٹیم فوری طور پروہاں پہنچ گئی اور زخمی ہرن کو بحفاظت اپنی تحویل میں لے کر جنگلی حیات کے نگہداشت کے مرکز منتقل کر دیا۔ بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹریفک کو بحال کروایا۔ایچ سی یو کیمپس کے ارد گرد تقریباً 240 ایکڑ پر محیط جنگلاتی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں اکثر ہرن اور مور جیسے جنگلی جانور نظر آتے ہیں۔ اسی دوران ایک ہرن جنگل سے نکل کر سڑک پر آ گیا اور وہاں سے گزرنے والی ایک کار سے ٹکرا گیا۔ اس حادثہ کے نتیجہ میں ہرن سڑک کے درمیان گر گیا جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت رک گئی اور ٹریفک جام ہو گئی۔ مقامی افرادکا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے گرد مناسب باڑ نہ ہونے کی وجہ سے اکثر جنگلی جانور رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آ جاتے ہیں جس سے اس طرح کے حادثات پیش آتے ہیں۔ماہرین اور مقامی شہریوں نے مشورہ دیا ہے کہ اس سڑک پر جنگلی جانوروں کی موجودگی کے سلسلہ میں انتباہی سائن بورڈز لگائے جائیں اور گاڑیوں کی رفتار کی حد مقرر کی جائے۔ خاص طور پر گچی باؤلی، ایچ سی یو اور لنگم پلی کے درمیان سفر کرنے والے ڈرائیوروں کو رات اور صبح کے وقت احتیاط کی ضرورت ہے۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر وہ کسی جنگلی جانور کو زخمی حالت میں دیکھیں یا سڑک پر پائیں تو فوری طور پر ایچ سی یو اینیمل پروٹیکشن ٹیم کو اطلاع دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق