ڈرنک اینڈ ڈرائیوجانچ کے دوران سنسنی، آٹو ڈرائیور نے سانپ دکھا کر پولیس کو دھمکایا
حیدرآباد، 4 جنوری (ہ س)۔ حیدرآباد میں نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران آج ایک حیران کن اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ پراناشہر کے علاقے چندرائن گٹہ میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کی جانچ کے دوران ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پ
ڈرنک اینڈ ڈرائیوجانچ کے دوران سنسنی، آٹو ڈرائیور نے سانپ دکھا کر پولیس کو دھمکایا


حیدرآباد، 4 جنوری (ہ س)۔ حیدرآباد میں نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری ٹریفک پولیس کی مہم کے دوران آج ایک حیران کن اور سنسنی خیز واقعہ پیش آیا۔ پراناشہر کے علاقے چندرائن گٹہ میں ڈرنک اینڈ ڈرائیو کی جانچ کے دوران ایک آٹو رکشہ ڈرائیور نے ٹریفک پولیس کو سانپ دکھا کر دھمکانے کی کوشش کی، جس سے موقع پر کچھ دیر کے لیے کشیدگی پیدا ہو گئی۔ٹریفک پولیس کے مطابق، نشہ میں گاڑی چلانے کے شبہ میں ایک آٹو رکشہ کو روکا گیا۔ آٹو ڈرائیور کی شناخت عرفان کے طور پر ہوئی ہے۔ جانچ کے دوران جب بریتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ڈرائیور نشہ کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا، جس کے بعد پولیس نے ضابطے کے مطابق آٹو رکشہ ضبط کر لیا۔آٹو ضبط کیے جانے پرعرفان مشتعل ہو گیااور پولیس کارروائی کی مخالفت کرنے لگا۔ اسی دوران اس نے اپنے آٹو رکشہ میں موجود ایک سانپ نکال کر ٹریفک پولیس اہلکاروں کو دھمکانے کی کوشش کی اور مطالبہ کیاکہ اس کا آٹو فوری طور پرچھوڑ دیا جائے۔ پولیس کے ایک عہدیدار کے مطابق، ڈرائیور نے ایک مردہ سانپ نکال کراہلکاروں کو دکھایا اور خوف پھیلانے کی کوشش کی۔جب پولیس اہلکاروں نے اسے قابو میں لینے کی کوشش کی تو وہ موقع سے فرارہو گیا۔ اس پورے واقعہ کی ویڈیو وہاں موجود افراد نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کر لی، جو بعد میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی اور عوام میں موضوعِ بحث بن گئی ہے۔ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعہ کو نہایت سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور ملزم کے خلاف نشہ میں ڈرائیونگ، پولیس کو دھمکانے اور سرکاری کام میں رکاوٹ ڈالنے جیسے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون سے بچنے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹاجائے گا۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نشہ کی حالت میں گاڑی نہ چلائیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں نشہ میں ڈرائیونگ کے خلاف مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande