
حیدرآباد، 4 جنوری (ہ س)۔ بی آر ایس کے کارگزارصدر وسابق وزیرتلنگانہ کے ٹی راماراو نے پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں دریاؤں کا پانی۔کانگریس کی دھوکہ دہی کے موضوع پر ایک پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے دوران کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دریاؤں کے پانی کے معاملہ پر کانگریس کی دہائیوں پرانی ناانصافیوں کے حقائق عوام کے سامنے رکھ رہے ہیں۔کے ٹی آر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ہم نے بہت کچھ دیکھا ہے لیکن چیک ڈیموں کو دھماکوں سے اڑانے والی ایسی گھٹیا حکومت پورے ہندوستان میں کہیں نہیں دیکھی۔انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھرراوکی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خشک سالی سے متاثرہ اراضیات کو سرسبز وشاداب اراضیات میں بدل دیا اور تلنگانہ کو اناج کا گودام بنایا۔ کے ٹی آر نے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کے سی آر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر رہے ہیں جبکہ خود 420 جھوٹے وعدے کر کے اقتدار میں آئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریونت ریڈی کو آبپاشی کے بنیادی اصولوں کا بھی علم نہیں ہے اور وہ صرف تباہی اور توڑ پھوڑ کی سیاست کر رہے ہیں۔کے ٹی آر نے افسوس ظاہر کیا کہ تلنگانہ آج ایک ایسے شخص کے ہاتھ میں ہے جس نے ماضی میں متحد آندھرا پردیش کے حامیوں کی چاپلوسی کی تھی۔انہوں نے کانگریس قائدین کو اقتدار کے نشہ میں چور قرار دیتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت صرف عوام کو گمراہ کرنے اور پرانے منصوبوں کو نقصان پہنچانے میں مصروف ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق