
اے ایم یو کے طالبِ علم جناب نوید عالم کو تھائی لینڈ میں اعزاز سے نوازا گیا۔
علی گڑھ,4، جنوری (ہ س)۔
کرِرک یونیورسٹی کے نائب صدر برائے بین الاقوامی امور اور تھائی لینڈ کے وزیرِ اعظم کے سابق مشیر، پروفیسر ڈاکٹر جارَن مَلولیم جو کہ ایک ممتاز تھائی ماہرِ تعلیم، سینئر علیگ اور کرِرک یونیورسٹی کے انٹرنیشنل اسلامک کالج آف بینکاک (IICB) کے ڈین ہیں نے اے ایم یو کے طالب علم نوید عالم کو تعلیمی میدان میں خدمات، سماجی و کمیونٹی مصروفیات، دنیا بھر میں سابق طلبہ کے ساتھ روابط مستحکم کرنے، اور گزشتہ یونین میں کابینہ کے رکن کے طور پر شاندار طلبہ قیادت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں سرفراز کیا۔تقریب، جو کہ دفترِ بین الاقوامی امور میں منعقد ہوئی، کے دوران فیکلٹی آف لبرل آرٹس کے شعبہ سیاسیات کے سربراہ ڈاکٹر بندِت آرومان نے جناب عالم کی علمی و تحقیقی خدمات کو سراہا اور 2025 کے لیے کرِرک یونیورسٹی کے کیو ایس رینکنگ سروے میں تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔پروفیسر ڈاکٹر جارَن نے علی گڑھ میں تھائی طلبہ کی معاونت کے لیے نوید صاحب کی کاوشوں کے ساتھ ساتھ، اے ایم یو المنائی ایسوسی ایشن آف تھائی لینڈ اور دیگر علمی برادریوں کے ساتھ تعاون و اشتراک پر مبنی پروگراموں کو فروغ دینے کی ان کی کوششوں کی تعریف کی، جو ان کی سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ممکن ہوئیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد رکساِی تھونگ بھی موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ