
رائسین، 4 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے رائسین ضلع کے سینئر بی جے پی لیڈر اور لودھی چھتری مہا سبھا کے ریاستی جنرل سکریٹری بھوپیندر ورما کا اتوار کی صبح انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ دنوں اجین میں سڑک حادثے میں زخمی ہو گئے تھے۔ اس کے بعد انہیں بھوپال ایمس میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اتوار کی صبح انہوں نے علاج کے دوران آخری سانس لی۔ ان کے انتقال کی خبر سے علاقے میں غم کی لہر ہے۔
معلومات کے مطابق، بی جے پی لیڈر بھوپیندر ورما گزشتہ 29 دسمبر کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ رائسین سے راجستھان کے سیکر جا رہے تھے۔ اجین کے بڈنگر کے پاس سڑک پر اچانک ایک گائے آ جانے سے ان کی کار بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں بھوپیندر ورما کے سر میں سنگین چوٹیں آئیں۔ کار میں سوار منیش پال اور کرن سنگھ مینا کو ہاتھ پیروں میں چوٹیں لگیں، جبکہ علیم کو فریکچر ہوا۔ ابتدائی علاج کے بعد بھوپیندر ورما کو بھوپال کے ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں اتوار کی صبح قریب 5 بجے علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بھوپیندر ورما لمبے وقت سے بی جے پی تنظیم میں سرگرم تھے اور انہوں نے کئی عہدوں پر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ وہ رائسین رام لیلا مہوتسو کمیٹی کے ایکزیکٹو صدر بھی تھے۔ لودھی چھتری مہا سبھا میں ریاستی عہدیدار کے طور پر ان کا کردار علاقے اور ریاستی سطح پر کافی سرگرم رہا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن