وزیر سکینہ ایتو نے لوئیس بریل کو خراج عقیدت پیش کیا
وزیر سکینہ ایتو نے لوئیس بریل کو خراج عقیدت پیش کیا جموں، 04 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر حکومت میں وزیر برائے سماجی بہبود، تعلیم، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج جموں میں لوئیس بریل کی 217ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اس موق
Itoo


وزیر سکینہ ایتو نے لوئیس بریل کو خراج عقیدت پیش کیا

جموں، 04 جنوری (ہ س)۔

جموں و کشمیر حکومت میں وزیر برائے سماجی بہبود، تعلیم، صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو نے آج جموں میں لوئیس بریل کی 217ویں یومِ پیدائش کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر بصارت سے محروم افراد کے لیے ٹچ ریڈنگ سسٹم کے موجد لوئیس بریل کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جن کی ایجاد نے دنیا بھر کے نابینا افراد کو پڑھنے اور لکھنے کے قابل بنایا۔ تقریب میں محکمہ سماجی بہبود کے سکریٹری بشیر احمد خان، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں رنجیت سنگھ، پروگرام آفیسر آئی سی ڈی ایس، ضلع سماجی بہبود افسر جموں، آر ایس وی آئی جموں کے سپرنٹنڈنٹ، والدین اور بڑی تعداد میں بصارت سے محروم بچے موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیر موصوفہ نے کہا کہ یہ تقریب ایک اہم سماجی مقصد سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم بچوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں جنہیں بروئے کار لا کر ان کا مستقبل تابناک بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی معاشرے کی حقیقی ترقی کا پیمانہ یہ ہے کہ وہ اپنے کمزور طبقات کو کس قدر عزت، مواقع اور سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ سکینہ ایتو نے سماجی انصاف اور جامع ترقی کے لیے حکومت کے پختہ عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل بچوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچہ کسی نہ کسی صلاحیت کا حامل ہوتا ہے اور ان صلاحیتوں کی نشاندہی، آبیاری اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔

وزیر نے خصوصی بچوں کی ہمہ جہت سرپرستی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صرف مالی امداد ہی نہیں بلکہ جذباتی سہارا، معیاری تعلیم، ہنرمندی کی تربیت اور سازگار ماحول کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیتوں کو اجاگر کر سکیں۔انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے معذور افراد کے لیے ابتدائی مداخلت، بحالی، شمولیتی تعلیم اور روزگار سے متعلق مختلف اقدامات پر بھی روشنی ڈالی اور والدین، اساتذہ، سول سوسائٹی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ایک حساس اور جامع نظام تشکیل دیں۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک فلاحی ریاست ہے اور محکمہ سماجی بہبود حکومت کا وہ اہم بازو ہے جو عوام کو فلاحی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے محکمہ سماجی بہبود اور آر ایس وی آئی کی کوششوں کو سراہا جن کی بدولت بچوں میں اعتماد پیدا ہو رہا ہے اور وہ مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔سکینہ ایتو نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سماجی بہبود کے ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور جامع ترقی کو فروغ دینا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ لوئیس بریل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ آج کے دن ہم ایک ایسی عظیم شخصیت کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے بریل سسٹم متعارف کروا کر بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں سے تاریکی دور کی اور انہیں چھو کر پڑھنے اور لکھنے کا موقع فراہم کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیر موصوفہ نے ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں اور تمغے حاصل کرنے والے بصارت سے محروم بچوں کو اعزازات سے نوازا، جبکہ مختلف جماعتوں کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande