
جموں، 17 جنوری (ہ س)۔
بی جے پی کی جموں و کشمیر اکائی نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی کے قومی صدر کے انتخاب سے متعلق آئندہ ووٹنگ عمل پر غور و خوض کے لیے ایک اہم میٹنگ منعقد کی۔ پارٹی ترجمان کے مطابق یہ میٹنگ ٹریکوٹہ نگر میں واقع بی جے پی کے ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں قومی کونسل اور اسٹیٹ کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ اجلاس ملک بھر میں جاری تنظیمی انتخابات کا حصہ ہے، جو ’سنگٹھن پرو‘ کے عنوان سے منعقد کیے جا رہے ہیں۔
بی جے پی نے جمعہ کے روز پارٹی کے قومی صدر کے انتخاب کا شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اس عہدے کے لیے نامزدگیاں 19 جنوری کو داخل کی جائیں گی جبکہ نئے قومی صدر کے نام کا اعلان اگلے روز کیا جائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما نے کہا کہ قومی صدر کا انتخاب محض ایک رسمی عمل نہیں بلکہ ایک منظم، شفاف اور شراکتی عمل ہے، جس میں نچلی سطح سے لے کر قومی سطح تک پارٹی کارکنان فعال کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا تنظیمی انتخابی عمل بنیادی رکنیت مہم سے شروع ہو کر منظم طریقے سے مکمل کیا گیا ہے، جو پارٹی کے نظم و ضبط، شمولیت اور جمہوری اقدار سے وابستگی کی عکاسی کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر