
پونے، 10 جنوری (ہ س)۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کی تقسیم کے بعد ایک غیر معمولی سیاسی منظر سامنے آیا ہے، جہاں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور این سی پی (شرد چندر پوار) کی رہنما سپریہ سولے نے پونے بلدیاتی انتخابات کے لیے مشترکہ منشور جاری کرتے ہوئے ایک ساتھ پریس کانفرنس کی۔ یہ 2023 کے بعد پہلا موقع ہے جب دونوں رہنما ایک ہی پلیٹ فارم پر دکھائی دیے۔ اس مشترکہ منشور کی رونمائی کے موقع پر این سی پی (ایس پی) کے کئی سینئر قائدین بھی موجود تھے، جو اب تک انتخابی سرگرمیوں سے دور رہے تھے۔ دونوں دھڑوں نے واضح کیا کہ شہری مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پونے اور پمپری چنچوڑ کے انتخابات میں مل کر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجیت پوار نے کہا کہ منشور میں شہری زندگی سے جڑے اہم مسائل کو ترجیح دی گئی ہے، جن میں صاف پانی کی مستقل فراہمی، ٹریفک کے مسائل کا حل، گڑھوں سے پاک سڑکیں، بہتر صفائی، جدید اسپتال، آلودگی میں کمی اور جھوپڑپٹی علاقوں کی بازآبادکاری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ریاستی سیاست میں اگرچہ دونوں این سی پی دھڑے الگ الگ اتحادوں میں شامل ہیں، لیکن بلدیاتی سطح پر انہوں نے ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی مہایوتی حکومت کا حصہ ہے، جبکہ این سی پی (ایس پی) مہا وکاس اگھاڑی میں شامل ہے۔ پونے اور پمپری چنچوڑ میں 15 جنوری کو ہونے والے انتخابات کے لیے یہ اتحاد خاص اہمیت رکھتا ہے۔اجیت پوار نے مقامی بی جے پی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2017 سے 2022 تک اقتدار میں رہنے کے باوجود پونے اور پمپری چنچوڑ میں ترقیاتی کام مطلوبہ رفتار سے نہیں ہوئے، حالانکہ ریاست اور مرکز سے مناسب فنڈ فراہم کیے گئے تھے۔مشترکہ منشور میں 33 نامکمل سڑک رابطوں کی تکمیل، ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری، بڑی سڑکوں کی توسیع، بس اور میٹرو میں مفت سفر، ہر دو کلومیٹر کے دائرے میں اسپتال قائم کرنے اور ماحول دوست سوسائٹیوں کو 20 فی صد پراپرٹی ٹیکس میں رعایت دینے جیسے اعلانات شامل ہیں، جنہیں ’گرین سوسائٹی‘ کا درجہ دیا جائے گا۔ ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے