

نئی دہلی، 11 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کی رات ’سومناتھ سوابھیمان پرو‘ کے تحت منعقدہ پروگراموں میں حصہ لینے پہنچے۔ اس دوران انہوں نے ’اومکار جاپ‘ میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے ڈرون شو دیکھا۔ مندر کے احاطے میں منعقدہ ڈرون شو میں سومناتھ مندر کی 1000 سالوں کی تاریخ کی جھلک دکھائی گئی۔
اس دوران مندر کے احاطے میں دور دراز سے آئے لوگوں نے وزیر اعظم کا گرم جوشی کے ساتھ استقبال کیا۔ گلوکار ہنس راج رگھوونشی نے اپنے بھجنوں سے سماں باندھا۔ لوگ ان کے گیتوں پر خوب تھرکے۔ وزیر اعظم مودی نے ہفتہ کو سومناتھ پہنچنے پر لوگوں کے جوش اور استقبال کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سومناتھ سوابھیمان پرو کے پرمسرت موقع پر سومناتھ مندر کے احاطے میں شاندار احساس سے بھرا ڈرون شو دیکھنے کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس حیرت انگیز شو میں ہمارے قدیم عقیدے کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا تال میل ہر کسی کو مسحور کر گیا۔ سومناتھ کی مقدس سرزمین سے نکلا یہ روشنی کا مینار پوری دنیا کو ہندوستان کی ثقافتی طاقت کا پیغام دے رہا ہے۔ دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے اومکار جاپ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اوم ہمارے ویدوں کا، شاستروں کا، پرانوں کا، اپنشدوں اور ویدانت کا نچوڑ ہے۔
اوم ہی دھیان کی مول (جڑ) ہے، اور یوگا کی بنیاد ہے۔ اوم ہی سادھنا میں مقصد ہے۔
اوم ہی لفظ برہما کی شکل ہے۔
اوم سے ہی ہمارے منتر شروع اور مکمل ہوتے ہیں۔
آج سومناتھ سوابھیمان پرو میں 1000 سیکنڈ تک اومکار ناد کے اجتماعی جاپ کی سعادت حاصل ہوئی۔ اس کی توانائی سے من میں ارتعاش اور خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
اوم تت ست!
اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے سومناتھ ٹرسٹ کے ممبران کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔
قابل ذکر ہے کہ اتوار کو وزیر اعظم مودی سومناتھ مندر میں صبح پوجا ارچنا کریں گے۔ اس کے بعد شوبھا یاترا میں شامل ہوں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن