
ممبئی، 10 جنوری (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست کی تمام میونسپل کارپوریشنوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد کا ہی میئر منتخب ہوگا۔ ممبئی میں منعقدہ ایک انتخابی مہم کے دوران انہوں نے کہا کہ بی جے پی اتحاد ترقی کے ایجنڈے کے ساتھ انتخابات لڑ رہا ہے۔فڑنویس نے کہا کہ ممبئی سمیت ریاست کے تمام شہروں میں شہریوں کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے تفصیلی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ ممبئی کےعوام کو ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر اور روزمرہ زندگی سے جڑی مشکلات کا سامنا ہے، جنہیں دور کرنے کے لیے ’’ایز آف ڈوئنگ‘‘ پالیسی کے تحت ترقیاتی رفتار کو تیز کیا گیا ہے۔ انہوں نے 400 کلومیٹر سے زائد طویل میٹرو نیٹ ورک کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے بتایا کہ سب اربن ریلوے کو جدید بنانے، ٹرینوں کی تعداد بڑھانے، مسافروں کے لیے سہولیات میں اضافہ کرنے اور میٹرو کوچز کے بہتر استعمال کے منصوبے زیر عمل ہیں۔ الیکٹرک بسیں، ایک ہی ٹکٹ سسٹم، نئی سڑکیں، ویسٹرن و ایسٹرن ایکسپریس ہائی ویز کی توسیع، ورلی-شیوڑی کنیکٹر اور ورسووا سے ویرار تک کوسٹل روڈ جیسے منصوبے ٹریفک کے مسئلے کو کم کرنے کے لیے نافذ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کے ذریعے گندے پانی کو سمندر میں جانے سے روکنے کا عمل بھی جاری ہے، جس سے ممبئی کا ماحول مزید بہتر ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے منسے سربراہ راج ٹھاکرے کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’ممبئی میں پیدا ہونا ہی اس شہر کو سمجھنے کا واحد پیمانہ نہیں ہے‘‘۔ فڈنویس نے یاد دلایا کہ بالاساہب ٹھاکرے اور ان کے والد پربودھنکر ٹھاکرے دونوں ممبئی میں پیدا نہیں ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بالاساہب نے ممبئی اور مراٹھی عوام کے لیے تاریخی خدمات انجام دیں۔فڑنویس نے کہا کہ اگرچہ ممبئی ان کی جنم بھومی نہیں، لیکن گزشتہ کئی دہائیوں سے یہی ان کی کرم بھومی رہی ہے، اور ممبئی کی ترقی اور عوامی مسائل کا حل ہی ان کی سیاست کا مرکز ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے