
بھوپال، 27 دسمبر (ہ س)۔
پیٹرولیم اور قدرتی گیس ریگولیٹری بورڈ (پی این جی آر بی) کے ذریعے یونیفائیڈ ٹیرف میں ترمیم کے بعد تھنک گیس نے مدھیہ پردیش میں پی این جی اور سی این جی کی قیمتوں میں کٹوتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترمیم شدہ قیمتیں یکم جنوری 2026 سے نافذ ہوں گی۔
نئی قیمتیں نافذ ہونے سے گھریلو صارفین کے لیے پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) کی قیمتیں 5 روپے فی اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر (ایس سی ایم) گھٹ کر 44 روپے فی ایس سی ایم پر آ جائیں گی۔ قیمتوں میں کمی سے کنبوں کو زیادہ بچت ہوگی اور روزانہ کھانا پکانا زیادہ کفایتی ہو جائے گا۔
اس سلسلے میں تھنک گیس کے چیف مارکیٹنگ اینڈ کمرشل آفیسر وینو کمار بال کرشنن نے کہا کہ ”پیٹرولیم اور قدرتی گیس ریگولیٹری بورڈ کے ذریعے یونیفائیڈ ٹیرف ترمیم سے ہم صارفین کو بہتر قیمت دستیاب کرا سکیں گے۔ اس سے کنبوں کو کہیں زیادہ بہتر ڈھنگ سے کھانا پکانے کا خرچ سنبھالنے میں مدد ملے گی اور سی این جی یوزرس کو ایندھن پر زیادہ بچت ہوگی۔“
فیس کے نئے خاکے کے تحت مدھیہ پردیش میں سی این جی کی قیمتیں بھی کم ہوں گی جس سے روزانہ دفتر، دکان آنے جانے والوں، آٹو ڈرائیوروں، ٹیکسی آپریٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے آپریٹرز کو فائدہ ہوگا۔ ترمیم شدہ قیمتوں کے تعین کے تحت سی این جی 88.25 روپے فی کلوگرام پر دستیاب ہوگی جس سے قیمت میں کٹوتی کا سیدھا فائدہ صارفین کو یقینی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ”اس ترمیم سے کنبوں کو پی این جی کی قیمتوں میں قریب 6-5 فیصد بچت کا فائدہ ملے گا جس سے دیگر ایندھن کا ایک ناگزیر متبادل بننے میں پی این جی کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن