
سونمرگ 27 دسمبر (ہ س)۔ کشمیر کے ایک بڑے سیاحتی مقام سونمرگ میں برفباری ہونے کے ساتھ ہی سیاحوں کی بھیڑ دیکھنے کو ملی ہے۔ وادی کشمیر کے پہلگام میں اس سال ہوئے دہشت گردانہ حملے میں اگرچہ تیس کے قریب سیاحوں کو دہشت گردوں نے مارا تھا۔جس کے بعد کشمیر کی سیاحت میں اندھیرا ہی اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ اس دوران سونمرگ میں بھی سیاحوں کی تعداد نا ہونے کے برابر دیکھنے کو مل رہی تھی۔تاہم آہستہ آہستہ سیاحت ایک مرتبہ پھر سے پٹری پر لوٹ آئی ہے اور سونمرگ میں برفباری شروع ہوتے ہی سیاحوں کا رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ سیاح برفباری کے دوران برف ہاتھوں میں لۓ ایک دوسرے کے ساتھ موج مستی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
واضح رہے سونمرگ کی معیشت میں سیاحت ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے ہوٹلوں، ٹرانسپورٹروں اور مقامی تاجروں کو مثبت طور پر متاثر کیا ہے، جس سے مجموعی مارکیٹ مضبوط ہوئی ہے۔ حالیہ برفباری کے باعث سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ موسم سرما کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے محکمہ سیاحت نے جامع انتظامات کیے ہیں جن میں ایڈونچر سرگرمیاں جیسے سکینگ اور آئس سکیٹنگ شامل ہیں۔31 دسمبر کو خصوصی پروگرام اور سرمائی کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے تاکہ مہمانوں کو ایک یادگار تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir