
شملہ، 25 دسمبر (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں جمعرات کو کرسمس کے دن بھی برف باری نہیں ہوئی۔ شملہ، کفری اور منالی جیسے مشہور پہاڑی مقامات پر برفباری کی امید رکھنے والے سیاحوں کو مایوسی ہوئی۔ ریاست بھر میں خشک موسم جاری ہے اور سرد ہواو¿ں کے درمیان خشک سردی کا اثر قائم ہے۔ موسم صاف رہنے کی وجہ سے صبح سے ہی دھوپ کھلی ہوئی ہے،تاہم سردی کا قہر بھی برقرار ہے۔
کرسمس پر برف باری نہ ہونے کے باوجود شملہ اور منالی میں سیاحوں کی اچھی خاصی آمد دیکھنے میں آئی۔ ہوٹل، بازار اور سیاحتی مقامات پر کافی رونق رہی لیکن برف باری نہ ہونے سے سیاحوں کی امیدیں پوری نہیں ہوسکیں۔ مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر نئے سال کے آس پاس برف باری ہوتی ہے تو سیاحت کو مزید فروغ مل سکتا ہے۔ شملہ میں آخری بار 2016 میں کرسمس کے موقع پر برف باری ہوئی تھی۔ اس بار شملہ، کفری، منالی اور ریاست کے دیگر پہاڑی مقامات سیزن کی پہلی برف باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شملہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت 8.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ منالی میں کم از کم درجہ حرارت 1.9 ڈگری سیلسیس، کفری 7.8 ڈگری سیلسیس اور جبڑ ہٹی میں 6.6 ڈگری سیلسیس تھا۔ کلپا میں-0.2 ڈگری سیلسیس کم سے کم درجہ حرارت پہنچ گیا، جبکہ کوکمسری میں - 6.3 ڈگری سیلسیس اور تابو میں -4.1 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ لاہول -اسپیتی اور کنور جیسے قبائلی علاقے شدید سردی کا سامنا کر رہے ہیں، درجہ حرارت منفی زون میں منڈلا رہا ہے۔
میدانی اضلاع میں، اونا میں کم سے کم درجہ حرارت 6.4 ڈگری سیلسیس، ہمیر پور میں 3.9 ڈگری سیلسیس، بلاسپور میں 6.4 ڈگری سیلسیس، منڈی میں 5.9 ڈگری سیلسیس، کانگڑا میں 5.4 ڈگری سیلسیس اور سولن میں 1.2 ڈگری سیلسیس رہا۔ ناہن میں درجہ حرارت 8.0 ڈگری سیلسیس اور پاونٹا صاحب میں 10.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست میں اوسطاً کم سے کم درجہ حرارت معمول سے تقریباً 1 ڈگری زیادہ تھا، لیکن ٹھنڈی ہوائیں لوگوں پر کپکپی طاری کرتی رہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے لیے اہم وارننگ جاری کی ہے۔ 26 سے 29 دسمبر تک ریاست کے کئی اضلاع کو گھنے دھند کے متاثر ہونے کی امید ہے۔ بلاس پور ضلع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ اونا، ہمیر پور، کانگڑا، منڈی، سولن اور سرمور اضلاع کے لیے ایلو الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ رات گئے اور صبح سویرے گھنے دھند کی توقع ہے، جس سے حد نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اس سے سڑک ٹریفک اور ریل خدمات بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 26 دسمبر کو ریاست کے بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ تاہم 27 سے 29 دسمبر تک ریاست بھر میں صاف موسم کی توقع ہے۔ اس کے بعد 30 اور 31 دسمبر کو اونچائی والے علاقوں میں دوبارہ ہلکی برفباری متوقع ہے۔ اس دوران میدانی علاقوں اور درمیانی اونچائی والے علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد