
کراچی، 16 دسمبر (ہ س)۔ پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی اور آس پاس کا علاقہ پیر کی دیر رات زلزلے سے کانپ گیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.2 ناپی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے کراچی کے الگ الگ حصوں میں محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے چندریگر روڈ، صدر، کلفٹن، ٹیپو سلطان روڈ، پہلوان گوٹھ اور بحریہ ٹاون میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق، لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے اور مقدس قرآن کی آیتیں پڑھنے لگے۔ زلزلے کی وجہ سے کراچی کے کسی بھی حصے سے جان و مال کے نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔
نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر (اسلام آباد) کے مطابق، زلزلے کا مرکز کراچی سے 87 کلومیٹر شمال مغرب میں 12 کلومیٹر کی گہرائی پر رہا۔ اس سے پہلے، صوبہ بلوچستان میں سیبی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں ریکٹر اسکیل پر 3.2 شدت کا زلزلہ آ چکا ہے۔ زلزلے کا مرکز سیبی سے 53 کلومیٹر شمال مغرب میں 11 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا۔
قابل ذکر ہے کہ بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ پاکستان کا اہم صنعتی اور مالیاتی مرکز ہونے کے ساتھ ساتھ اہم بندرگاہ بھی ہے۔ اسے پاکستان کا معاشی دارالحکومت کہا جاتا ہے۔ ہندوستان کی تقسیم کے بعد 1947 سے 1959 تک پاکستان کا دارالحکومت کراچی رہا۔ بعد میں دارالحکومت کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن