
عمان، 16 دسمبر (ہ س)۔ ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین آج یہاں ہندوستان-اردن بزنس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے اہم تاجر شامل ہوں گے۔ اگر موسم ٹھیک رہا تو وزیر اعظم مودی اردن کے ولی عہد کے ساتھ پترا شہر کا دورہ بھی کریں گے۔ پترا ہندوستان کے ساتھ قدیم تجارتی تعلقات کو شیئر کرنے والا تاریخی شہر ہے۔ عبداللہ دوم کی دعوت پر وزیر اعظم مودی دو روزہ دورے پر کل اردن پہنچے۔ شاہ نے مودی کا حسینیہ پیلس میں زوردار استقبال کیا۔ یہاں وفد سطح کی بات چیت سے پہلے دونوں کے درمیان آمنے سامنے کی میٹنگ ہوئی۔
دہلی عمان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ ہندوستان اور اردن کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں اور دونوں کے درمیان 2.8 ارب امریکی ڈالر کی تجارت ہے۔ اردن ہندوستان کو کھادوں، خاص طور پر فاسفیٹ اور پوٹاش کا ایک اہم سپلائر بھی ہے۔ اردن میں 17,500 سے زیادہ ہندوستانی تارکین وطن رہتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ٹیکسٹائل، تعمیرات اور مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی کے 3 ممالک کے 4 روزہ دورے کا پہلا پڑاو اردن ہے۔ یہاں کا دورہ مکمل کر وہ ایتھوپیا اور عمان بھی جائیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر لکھا، ”عمان میں شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی۔ متحرک ہندوستان-اردن تعلقات کے تئیں ان کا ذاتی عزم قابل ستائش ہے۔ اس سال، ہم اپنے دو طرفہ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ یہ سنگ میل ہمیں آنے والے وقت میں نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھنے کے لیے ترغیب دیتا رہے گا۔“
انہوں نے کہا، ’’اردن کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے 8 نکاتی وژن دستاویز شیئر کی ہے۔ اس میں شامل ہیں- (1) تجارت اور اقتصادی تعاون، (2) کھاد اور زراعت، (3) انفارمیشن ٹیکنالوجی، (4) ہیلتھ سروس، (5) بنیادی ڈھانچہ، (6) اہم اور اسٹریٹجک معدنیات، (7) سول نیوکلیئر تعاون (8) لوگوں کے درمیان تعلقات۔“ اس سے قبل پیر کو وزیر اعظم مودی اور اردن کے شاہ نے ملاقات کرنے کے دوران دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور باہمی اہمیت کے علاقائی اور عالمی مسائل پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
وزیر اعظم مودی نے شاہ عبداللہ دوم سے کہا، ”ہم تجارت، کھاد، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور لوگوں کے درمیان رابطے جیسے شعبوں میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔“ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کی دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اور واضح سوچ ہے۔ وزیر اعظم نے غزہ مسئلے پر شاہ عبداللہ دوم کے فعال اور مثبت کردار کی ستائش کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، ”آپ نے ہندوستان-اردن تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے بے حد مثبت خیالات شیئر کیے۔ میں آپ کی دوستی اور ہندوستان کے تئیں گہرے عزم کے لیے دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔“
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن