
نئی دہلی،14دسمبر(ہ س)۔پریس کلب آف انڈیا (پی سی آئی) نے اتوار کے روز سنگیتا برواہ پشروتی کو اپنا پہلا خاتون صدر منتخب کرکے تاریخ رقم کی۔ یہ انتخاب کلب کے سفر میں صنفی نمائندگی اور جامع قیادت کی سمت ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ 13 دسمبر کو منعقدہ انتخابات میں پشروتی کی قیادت میں پینل نے تمام عہدے دار اور منیجنگ کمیٹی کی نشستیں جیت کر 21-0 کی شاندار کامیابی حاصل کی۔صدر کے عہدے کے لیے سنگیتا برواہ پشروتی نے فیصلہ کن برتری کے ساتھ 1,019 ووٹ حاصل کیے، جب کہ ان کے مدِ مقابل اتل مشرا اور ارون شرما کو بالترتیب 129 اور 89 ووٹ ملے۔ سکریٹری جنرل کے عہدے پر افضل امام نے 948 ووٹ لے کر گیان پرکاش (290 ووٹ) کو واضح فرق سے شکست دی۔ نائب صدر کے عہدے پر جتن گاندھی 1,029 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے اور اپنے قریبی حریف پرہلاد سنگھ راجپوت کو 900 سے زائد ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔
عہدہ خزانچی کے لیے آدتی راجپوت اور جوائنٹ سکریٹری کے لیے پی آر سنیل بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔پی سی آئی کے چیف الیکشن کمشنر ایم ایم سی شرما اور ان کی ٹیم نے شام کے وقت پریس کلب کے لان میں صحافیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی میں نتائج کا اعلان کیا۔16 رکنی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات میں نیرج کمار 932 ووٹ لے کر سرفہرست رہے۔ ان کے بعد ابھیشیک کمار سنگھ (911)، جہانوی سین (903)، اشوک کوشک (892)، کلول بھٹاچاریہ (882)، پروین جین (878)، اگرج پرتاپ سنگھ (865)، منوج شرما (861)، نیانِما باسو (851)، پی بی سریش (838)، وی پی پانڈے (833)، پریم بہوکھنڈی (831)، سنیہا بھورا (829)، جاوید اختر (823)، رضا الحسن لسکر (781) اور سنیل کمار (780) منتخب ہوئے۔نتائج کے اعلان کے بعد سنگیتا برواہ پشروتی نے کہا کہ یہ انتخاب پریس کلب آف انڈیا کے اراکین کے ان کے پینل کے وڑن اور آزاد، منصفانہ اور ذمہ دار صحافت کی اقدار سے وابستگی پر اجتماعی اعتماد کا مظہر ہے۔سابق صدر گوتم لہری نے کلب کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیم صحافیوں کو درپیش بدلتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں کلب کو مزید جامع، حساس اور مو¿ثر بنانے کا عمل جاری رکھے گی۔پی سی آئی کے سبکدوش ہونے والے سکریٹری جنرل نیرج ٹھاکر نے کہا کہ قیام کے بعد سے پریس کلب آف انڈیا ملک و بیرونِ ملک صحافیوں کے لیے ایک اہم ادارہ رہا ہے، اور پہلی خاتون صدر کا انتخاب ترقی کی ایک مضبوط علامت اور برابری، تنوع اور جمہوری اقدار سے کلب کی وابستگی کی توثیق ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais