
نئی دہلی، 06 نومبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دو اہم اسٹار کیمپینر وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ آج بہار اسمبلی انتخابات کے پیش نظر انتخابی عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم مودی کے دو اور شاہ کے تین مقامات پر بڑی ریلیاں ہونے والی ہیں۔ بی جے پی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر امت شاہ کے آج کے انتخابی دورے کا پروگرام ایکس ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔
بی جے پی کے ایکس ہینڈل کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی صبح 11.30 بجے ارریہ اور دوپہر 1.30 بجے بھاگلپور میں بی جے پی کی قیادت والی راشٹریہ جن تانترک گٹھ بندھن (راجگ) کے امیدواروں کے حق میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ اس بار بھی راجگ اور بی جے پی کے رہنما بہار انتخابات میں جنگل راج کا مدعا اٹھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے بھی گزشتہ روز ایک عوامی جلسے میں جنگل راج کے لیے اپوزیشن کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ جنگل راج کے دور میں بیٹیوں کا گھر سے باہر نکلنا مشکل تھا، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ آج رات کے وقت بھی اسپتالوں میں، ریلوے اسٹیشنوں پر اور مختلف جگہوں پر بیٹیاں بلا خوف و خطر کام کر رہی ہیں۔ بہار کی خواتین جنگل راج کے سامنے دیوار بن کر کھڑی ہو گئی ہیں۔ انہوں نے عزم کر لیا ہے کہ جنگل راج کی واپسی کبھی نہیں ہونے دیں گی۔ اسی لیے جنگل راج والے بہار کی خواتین سے طرح طرح کے جھوٹے وعدے کر رہے ہیں۔ بہار کی ترقی صرف راجگ ہی کر سکتا ہے۔ بہار میں راجگ کی حکومت ہی بہنوں اور بیٹیوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
ایکس ہینڈل پر شیئر کردہ بی جے پی کی اطلاع کے مطابق، مرکزی وزیر امت شاہ دوپہر 12.15 بجے مغربی چمپارن کے بیتیا کے رام نگر کے کھیرواں ٹولہ میدان میں، 45 منٹ بعد موتیہاری کے ضلع اسکول گراونڈ میں اور سہ پہر 3 بجے مدھوبنی کے بینی پٹھی کے لیلا دھر ہائی اسکول میں عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ شاہ نے بھی گزشتہ روز ایک عوامی جلسے میں کہا تھا کہ چمپارن ضلع نے جنگل راج کو قریب سے دیکھا ہے۔ اغوا، تاوان، قتل سمیت کئی قسم کے جرائم سے بہار کی سرزمین لہو لہان رہی ہے۔ وہی جنگل راج اب کپڑے، بھیس اور چہرہ بدل کر واپس آ رہا ہے۔ اسے روکنے کا کام آپ لوگوں کو کرنا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن