
نئی دہلی، 6 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج 121 سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاست کے لوگوں سے جمہوریت کے اس عظیم تہوار میں جوش و خروش سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ دونوں لیڈروں نے کہا کہ بہار کو تبدیلی کی نئی سمت دینے اور نوجوانوں، کسانوں اور سماج کے ہر طبقے کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ ووٹنگ ضروری ہے۔
کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ جمہوریت کی جائے پیدائش بہار میں ووٹنگ شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے آئینی حق کا استعمال کریں اور ریاست کو 20 سال بعد تبدیلی کی نئی سمت دیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پرینکا گاندھی واڈرا نے بہار کے ووٹروں سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ انہوں نے لکھا، میرے پیارے بھائیو، بہنو، ماؤں اور بہار کے نوجوانو! آج اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنے ہاتھوں سے کرنے کا دن ہے۔ بڑی تعداد میں نکلیں اور جمہوریت کے اس عظیم الشان میلے میں شرکت کریں۔ روزگار، تعلیم، صحت اور بہار کے روشن مستقبل کے لیے ووٹ دیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد