
پٹنہ، 6 نومبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بہار کے نوجوانوں کی ذہانت کی تعریف کرتے ہوئے ایک اہم بیان دیا۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائنسی اعداد و شمار کی بنیاد پر میں کہہ سکتا ہوں کہ بہار کے نوجوانوں کا آئی کیو دنیا میں تقریباً سب سے زیادہ ہے۔
شاہ نے کہا کہ بہار نے ہمیشہ ملک کوقیادت کرنے والےلیڈر دئے ہیں ۔ چاہے سیاست ہو، انتظامیہ ہو یا تعلیم۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی اگر کسی ریاست نے سب سے زیادہ آئی اے ایس، آئی پی ایس اور ڈاکٹر اور انجینئر پیدا کیے ہیں تو وہ بہار ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ بہار کے نوجوان لڑنے کی غیر معمولی صلاحیت اور سیکھنے کی بھوک دونوں کے مالک ہیں۔ انہوں نے اسے بہار کی مٹی اور اس کی خاندانی اقدار سے منسوب کیا۔
وزیر داخلہ شاہ نے کہا کہ یہاں کا ہر بچہ مشکل سے لڑنا جانتا ہے، اور یہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ شاہ کا یہ بیان سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ این ڈی اے کیمپ کے لیڈر اسے بہار کے وقار سے جوڑ رہے ہیں، جب کہ اپوزیشن پارٹیاں اسے انتخابی موسم میں نوجوانوں کو راغب کرنے کی کوشش قرار دے رہی ہیں۔
جے ڈی یو کے ایک سینئرلیڈر نے کہا کہ امت شاہ نے جو کہا وہ سچ ہے۔ بہار کے نوجوانوں کا ہنر کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ دریں اثنا آر جے ڈی کے ترجمان نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر بی جے پی کو بہار کے نوجوانوں کی اتنی ہی فکر ہے تو روزگار فراہم کرنے کی سمت میں ٹھوس قدم اٹھانا چاہیے۔
بہار کے نوجوان کملیش ، متھلیش ، اجیت ، نیرج ، اتل جیسے دیگر نوجوانوں نے شاہ کے بیان کا فخر کے ساتھ خیر مقدم کیا ہے۔ کئی نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امت شاہ نے جو کہا وہ ہر بہاری کے دل میں گونجتا ہے۔ ہمیں صرف ایک موقع کی ضرورت ہے۔ بہار کے نوجوان نہ صرف ملک بلکہ دنیا کو بدل سکتے ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ شاہ کا بیان بہار کی فکری وراثت کو تسلیم کرتا ہے۔
سماجیات کے ماہر رنگناتھ تیواری کا خیال ہے کہ بہار کا سماجی ڈھانچہ بچوں میں ابتدائی پختگی کو فروغ دیتا ہے۔ مشکلات کے ذریعے سیکھنے کا رجحان انہیں ذہنی طور پر مضبوط اور تجزیاتی بناتا ہے۔
امت شاہ کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بہار میں انتخابی ماحول ہے اور نوجوان ووٹروں کا کردار اہم سمجھا جا رہا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار اور سینئرصحافی لو کمار مشرا کا خیال ہے کہ یہ تبصرہ نہ صرف ایک تعریف ہے بلکہ نوجوانوں کو یہ بتانے کی حکمت عملی بھی ہے کہ قومی سیاست میں ان کا تعاون سب سے اہم ہے۔ امت شاہ کا بیان بہار کی عزت کو بڑھاوا دینے والاہے۔ انتخابی بیان ہو یا سچائی کا اعتراف، بات یہ ہے کہ بہار کے نوجوانوں کی ذہانت اور لچک کو اب قومی شناخت مل گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan