
جموں, 5 نومبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر کے ضلع اُدھمپور میں پولیس نے منشیات مخالف مہم کے تحت تین منشیات فروشوں کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا، جبکہ ایک دیگر اسمگلر کی پچاس لاکھ روپے مالیت کی جائیداد سیز کر دی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق رواں سال کے دوران ضلع اُدھمپور میں اب تک 156 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے مجلتا علاقے میں معمول کی تلاشی کے دوران ڈھنسر کے رہائشی پون کمار اور منوال کے راجندر کمار کو گرفتار کیا، جن کے قبضے سے بالترتیب 5 گرام اور 4.2 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
اسی طرح پولیس نے بھدرواہ کے رہائشی کاظم اشرف کو اُس وقت گرفتار کیا جب وہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا۔ اس کے قبضے سے 7.18 گرام ہیروئن ضبط کی گئی۔ تینوں کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک علیحدہ کارروائی کے دوران پولیس نے منشیات فروش امیت سنگھ سکنہ سونتھن کی تقریباً پچاس لاکھ روپے مالیت کی جائیداد منشیات کی کمائی سے حاصل ہونے کے الزام میں سیز کر دی۔تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ امیت سنگھ نے منشیات کی رقم سے اپنے آبائی گاؤں میں رہائشی مکان، زمین اور ایک موٹر سائیکل حاصل کی تھی۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر پولیس نے مذکورہ جائیداد کو قانونی کارروائی کے تحت ضبط کر لیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر