
نئی دہلی، 5 نومبر (ہ س)۔ آوٹر ڈسٹرکٹ کے علاقے رنہولا میں 11ویں جماعت کی طالبہ کی مشتبہ حالت میں موت ہو گئی۔ اہل خانہ نے طالبہ کو چھت پر جلی ہوئی حالت میں پایا۔ اسے قریبی پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی اور اسے ایمس ریفر کردیا گیا۔ طالبہ کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ پولیس نے اس کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بحفاظت اسپتال کے مردہ خانے میں رکھوا دیا۔ آوٹر ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سچن شرما نے کہا کہ پولیس کو جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا ہے اور نہ ہی کوئی واقعہ کا ثبوت ملا ۔ پولیس اسکول کے اساتذہ اور مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کرکے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق طالبہ وکاس نگر علاقہ میں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتی تھی۔ خاندان والدین اور دیگر ارکان پر مشتمل ہے۔ منگل کو راٹھی اسپتال سے رنہولا پولیس اسٹیشن کو اطلاع ملی کہ آگ میں جھلس جانے کے بعد 17 سالہ لڑکی کو اسپتال لایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ موقع پر پہنچ کر پولیس کو پتہ چلا کہ لڑکی وکاس نگر میں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتی تھی اور وکاس وہار میں واقع ایک سرکاری اسکول میں 11ویں جماعت کی طالبہ تھی۔ اس کی حالت سنگین ہونے پر اسے ایمس ریفر کیا گیا۔ جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ وہ رات کو اپنے گھر کی تیسری منزل پر اکیلی سو رہی تھی۔ صبح اس کی بہن نے اسے جلی ہوئی حالت میں پایا۔
رنہولا کے علاقے میں ایک اور واقعہ میں ایم بی اے کے ایک طالب علم نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ متوفی کی شناخت سوربھ (20) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے کوئی خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال کے مردہ خانے میں محفوظ کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس سچن شرما نے بتایا کہ منگل کو رنہولا پولیس اسٹیشن کو آشیرواد اسپتال سے پی سی آر کال موصول ہوئی۔ فون کرنے والے نے اطلاع دی کہ ایک نوجوان کو گپتا انکلیو، وکاس نگر میں واقع اس کی رہائش گاہ پر لایا گیا تھا، جس نے خود کو پھانسی لگا کر ہلاک کر لیا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم اسپتال پہنچی۔ مرنے والے کی شناخت سوربھ کے نام سے ہوئی ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ سوربھ آئی آئی آئی ٹی-ایم ساگر پور میں ایم بی اے کا طالب علم تھا۔ اس نے پنکھے سے اسکارف سے لٹک کر خودکشی کر لی تھی۔ پولیس اہل خانہ سے پوچھ گچھ کرکے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی