
مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام نیواڑی میں سلسلہ کے تحت ادبی اور شعری نشست کا انعقاد جمعرات کو
بھوپال، 5 نومبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، نیواڑی کے ذریعے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد 6 نومبر 2025 کو دوپہر 12.00 بجے گورنمنٹ کالج، پرتھوی پور، نیواڑی میں ضلع کوآرڈینیٹر ڈاکٹر جے ہند سوتنتر کے تعاون سے کیا جائے گا۔
اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے کا اگلا پروگرام 6 نومبر کو نیواڑی میں منعقد ہورہا ہے جس میں نیواڑی ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاوں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔
نیواڑی ضلع کے کوآرڈینیٹر جے ہند سوتنتر نے بتایا کہ منعقدہ پروگرام میں سلسلہ کے تحت دوپہر 12.00 بجے شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مدعو شاعر کے طور پر ٹیکم گڑھ کے استاد شاعر ظفر اللہ ظفر کا نام شامل ہے اور مقامی شعراء و ادبا میں ہیما بکھاریہ، چندر پرکاش شرما ’چندریش‘، پریم گھنگھوریہ، کلیان داس ساہو، رجنیش دوبے، آشارام ورما ’نادان‘، ونود ورما ’درد‘، شمس الدین ماسٹر، اندو پربھا کھرے ’اندو‘، دیپک جوشی ’دیپ‘، کپیل تیواری ’خود رنگ‘، تاج محمد، ونود کمار، ستیہ پال نروریہ اور موہک نایک کے نام شامل ہیں۔ سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر جے ہند سوتنتر انجام دیں گے۔ڈاکٹر نصرت مہدی نے نیواڑی کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن