
پٹنہ، 5 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان گورا بورام اسمبلی سیٹ سے آر جے ڈی امیدوار افضل علی خان کے بڑے بھائی انور علی خان کا انتقال ہو گیا۔ آج ان کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور انھیں آخری وداعی دی۔ اس موقع پر وی آئی پی پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی بھی موجود تھے، جنھوں نے افضل خان کو اظہارِ تعزیت پیش کرتے ہوئے ڈھارس بندھائی۔
قابل ذکر ہے کہ گورا بورام اسمبلی سیٹ ہی ہے، جہاں سے وی آئی پی امیدوار اور مکیش سہنی کے بھائی سنتوش سہنی نے اپنی امیدواری واپس لے لی ہے۔ اس سیٹ پر مہاگٹھ بندھن میں شامل 2 پارٹیوں آر جے ڈی اور وی آئی پی امیدواروں کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہو رہا تھا۔ لیکن ووٹوں کی تقسیم کو پیش نظر رکھتے ہوئے آخر وقت میں مکیش سہنی نے ’قربانی‘ پیش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے ’حریف‘ افضل خان کو حمایت دینے کا اعلان کر دیا۔ اب افضل خان ہی مہاگٹھ بندھن کے واحد امیدوار اس سیٹ پر ہیں اور ان کی فتحیابی کے امکانات انتہائی روشن ہیں۔
بہرحال آج افضل کے بڑے بھائی کے نمازِ جنازہ میں شریک ہونے کے بعد مکیش سہنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔ ان تصویروں کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’گورا بورام سے مہاگٹھ بندھن حمایت یافتہ آر جے ڈی امیدوار افضل علی خان جی کے بڑے بھائی انور علی خان صاحب کے انتقال کی خبر بے حد افسوسناک ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’آج ان کے نمازِ جنازہ میں شامل ہو کر دل بھاری ہو گیا۔ خدا انھیں جنت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو اس غم کو برداشت کرنے کی صبر و طاقت دے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan