
فتح پور، 5 نومبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے فتح پور ضلع میں بدھ کی دوپہر جھگڑے کے بعد شوہر نے اپنی بیوی کو کلہاڑی سے مار ڈالا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ شام کو بچے گھر واپس آئے تو اپنی ماں کی خون میں لت پت لاش دیکھ کر حیران رہ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
کھکھریرو تھانہ علاقہ کے سدواپر ماجرا خواجہ پور گاؤں کے رہنے والے رام نارائن پال کا اپنی بیوی للی دیوی (55) سے جھگڑا ہوا۔ صورتحال بگڑ گئی جس سے مشتعل شوہر نے کلہاڑی کے وار کر کے اسے قتل کر دیا۔ بچے بکریوں کے لیے پتے لینے جنگل گئے تھے۔ قتل کے بعد شوہر موقع سے فرار ہو گیا۔ کچھ دیر بعد جب بچے گھر واپس آئے تو انہوں نے گاؤں والوں کو واقعے کی اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی سرکل آفیسر پرمود کمار شکلا اور اسٹیشن ہیڈ ودیا پرکاش سنگھ موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ متوفی للی دیوی کی بیٹی سشیلا نے بتایا کہ گزشتہ چار دنوں سے والدین کے درمیان کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا۔
سرکل آفیسر پرمود کمار شکلا نے بتایا کہ خاندانی جھگڑے میں شوہر نے اپنی بیوی کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ملزم مفرور ہے۔ مقتول کی بیٹی کی شکایت پر مفرور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کی تلاش کے لیے پولیس ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد