
چنڈی گڑھ، 22 نومبر (ہ س)۔
پنجاب پولیس نے سرحد پار سے منشیات اسمگل کرنے والے ماڈیول کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک نوجوان کو 50 کلو ہیروئن سمیت گرفتار کر لیا۔ ایک کلو ہیروئن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں اس وقت قیمت 5 کروڑ روپے ہے۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے ہفتہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ انسداد منشیات ٹاسک فورس نے کپورتھلا کے رہنے والے سندیپ سنگھ عرف سیما کو گرفتار کیا جس کے پاکستان میں آئی ایس آئی کی حمایت یافتہ تنظیموں سے روابط ہیں۔ ہیروئن سرحد پار سے یہاں سمگل کی جاتی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندیپ عرف سیما کے خلاف پہلے ہی منشیات کی اسمگلنگ کے پانچ مقدمات درج ہیں۔ ملزم حال ہی میں ضمانت پر جیل سے باہر آیا اور اسمگلنگ دوبارہ شروع کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم پر نظر رکھی اور فراہم کردہ جگہ پر چھاپہ مار کر ہیروئن برآمد کر لی۔ ڈی جی پی نے بتایا کہ ملزم سے پنجاب اور دیگر ریاستوں کے دیگر سمگلروں کے ساتھ اس کے روابط کے بارے میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور وہ ہیروئن کہاں سے سپلائی کرنا چاہتا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan