
علی گڑھ, 22 نومبر (ہ س)۔
جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کارڈیو ویسکولر اینڈ تھوراسک سرجری (سی ٹی وی ایس) آئی سی یو سے تعلق رکھنے والے نرسنگ آفیسر رنکو چودھری اور رینو پپاچن نے ایرا میڈیکل کالج، لکھنؤ میں میدانتا اسپتال کے اشتراک سے منعقدہ نرسنگ ایمرجنسی، کریٹیکل کیئر اور ٹراما الائیڈ رسپانڈر کی اولین قومی کانفرنس (نیکٹار 2025) میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کارڈیو پلمونری ریسسیٹیشن (سی پی آر) اور کوڈ بلیو ڈِرِل کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جس میں جان لیوا صورتحال میں فوری ردعمل کی تکنیکوں کو اجاگر کیا گیا۔ ان کی درستی، ہم آہنگی اور مہارت سے بھرپور پیشکش کو مندوبین اور فیکلٹی ممبران نے سراہا، جس نے ہنگامی حالات میں ماہر نرسنگ ٹیموں کے کلیدی کردار کو نمایاں کیا۔
سی ٹی وی ایس شعبہ، جے این ایم سی ایچ، اے ایم یو سے عامر خان اور شعیب نے کانفرنس کی علمی نشستوں اور ورکشاپ میں حصہ لیا۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی، صحت و طبی تعلیم محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر امیت گھوش نے شرکاء کی لگن کو سراہا اور ہنگامی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے سیمولیشن پر مبنی تربیت، مؤثر ترسیل وابلاغ اور مہارت میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا۔
جے این ایم سی کے نرسنگ آفیسر رنکو چودھری نے کہا کہ اس کانفرنس نے اس یقین کو مزید پختہ کیا کہ ہر سیکنڈ کی اہمیت ہوتی ہے، اور تربیت یافتہ ٹیمیں چند منٹوں میں مریض کے حالات بدل سکتی ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ