
علی گڑھ, 22 نومبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں نارتھ زون انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز آج ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ ہوا۔ اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین، سکریٹری گیمز کمیٹی پروفیسر سید امجد علی رضوی، پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی، ممبر انچارج دفتر رابطہ عامہ پروفیسر وبھا شرما، ایگزیکٹیو کونسل کے ممبران پروفیسر معین الدین اور ڈاکٹر مراد خان، ڈپٹی پراکٹر پروفیسر عفت اصغر اور دیگر معززین کی موجودگی میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
تقریب کی شاندار ترتیب نے کرکٹ کے میدان میں اے ایم یو کی طویل اور درخشاں روایت کی جھلک پیش کی، جس نے یونیورسٹی کے شاندار ماضی کی یاد تازہ کی جس میں یہاں کے کھلاڑی علاقائی اور قومی سطح پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔
شرکت کرنے والی ٹیموں کا خیر مقدم کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کھیلوں کی اقدار و روایات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا ”فتح و شکست ہر کھیل کا حصہ ہے، مگر سب سے زیادہ اہمیت وقار کے ساتھ کھیلنے کی ہے“۔انہوں نے کہا کہ حقیقی اسپورٹس مین اسپرٹ کھلاڑیوں کے کردار اور رویہ میں جھلکنی چاہئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ مختلف یونیورسٹیوں کے درمیان اعلیٰ کارکردگی، ہم آہنگی اور باہمی اخوت کو فروغ دے گی۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر محسن خان نے فرد اور قوم کی ترقی میں کھیلوں کی تبدیلی لانے کی صلاحیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا ”اسپورٹس مین اسپرٹ منفی رجحانات کم کرتی ہے اور کردار سازی اور قوم کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہے“۔ انہوں نے تمام ٹیموں کو مبارکباد دی اور پوری محنت و دلچسپی کے ساتھ کھیلنے کی ترغیب دی۔
اس سے قبل، گیمز کمیٹی کے سکریٹری پروفیسر سید امجد علی رضوی نے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ اس سال نارتھ زون کی مختلف یونیورسٹیوں کی 84 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہیں، جو اے ایم یو کی میزبانی میں ہونے والے سب سے بڑے انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سے ایک ہے۔
ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر شمیم احمد نے معزز مہمانوں، عہدیداروں اور شریک ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے ٹورنامنٹ کے آغاز کی علامت کے طور پر پروفیسر ایف ایس شیرانی کی ادارت میں تیار کردہ اسپورٹس سووینیئر اور ٹورنامنٹ بیج کی بھی رونمائی کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ