
جموں, 22 نومبر (ہ س)۔
جموں کے مضافاتی علاقوں میں زمین ہتھیانے والوں اور منشیات فروشوں کے خلاف انسدادِ تجاوزات مہم ہفتہ کو دوسرے روز بھی جاری رہی، جس دوران انتظامیہ نے متعدد غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرتے ہوئے 1.75 ایکڑ اراضی بازیاب کر لی۔
حکام نے بتایا کہ پہلے روز کی کارروائی میں بشنہ تحصیل کے سکندرپور علاقے میں رہائشی و تجارتی ڈھانچوں سمیت کئی تعمیرات کو گرا کر 16 ایکڑ سے زائد قیمتی اراضی، جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے، واگزار کی گئی تھی۔
اہلکار کے مطابق ہفتہ کو ہرسہ ڈببر گاؤں میں انسدادِ تجاوزات کارروائی عمل میں لائی گئی۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ راکیش منہاس کی ہدایت پر جموں کے ایس ایس پی جوگیندر سنگھ کی نگرانی میں کی گئی۔اس مہم کے دوران 14 کنال (1.75 ایکڑ) سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے چھڑائی گئی ہے، جسے آئندہ دفتر کی عمارتوں اور پولیس پوسٹ کے قیام کے لیے تجویز کیا جائے گا۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری، زرعی یا کسٹوڈین زمین پر کوئی بھی غیر قانونی قبضہ یا تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔
خلاف ورزی کرنے والوں، بشمول منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر