
کولکاتا، 17 نومبر (ہ س)۔ مغربی بنگال کے گورنر سی وی۔ آنند بوس نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد کولکاتا پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے بم ڈسپوزل یونٹ کو راج بھون کے احاطے کی مشترکہ تلاشی لینے کی ہدایت دی ہے۔کلیان بنرجی نے الزام لگایا تھا کہ راج بھون سے بی جے پی کے حمایت یافتہ سماج دشمن عناصر کو اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کیا جا رہا ہے۔گورنر ذاتی طور پر سرچ آپریشن کی قیادت کریں گے۔ راج بھون کے پیر کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گورنر نے اپنا بیرونی دورہ مختصر کرکے فوری طور پر کولکتہ واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کی ہدایت پر پورے راج بھون اور اس کے اطراف میں مشترکہ تلاشی مہم چلائی جائے گی جس کی قیادت خود گورنر کریں گے۔اس آپریشن میں کولکاتا پولیس، راج بھون پولیس چوکی، سی آر پی ایف بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں کی شمولیت کی تصدیق کی گئی ہے۔راج بھون نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ شہری دفاع بھی تلاشی مہم میں حصہ لیں گے۔ اس پورے آپریشن کو براہ راست نشر کیا جائے گا جس میں میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔قبل ازیں، راج بھون نے کولکاتا پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور کلیان بنرجی کے الزامات کی تحقیقات شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس نے یہ بھی متنبہ کیا کہ اگر ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو گورنر کارروائی کرنے کے لئے اپنے دائرہ اختیار کا استعمال کرسکتے ہیں۔ہفتہ کو میڈیا سے بات چیت میں کلیان بنرجی نے کہا کہ گورنر مغربی بنگال میں ’نااہل اور متعصب‘کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ راج بھون بی جے پی سے وابستہ مجرموں کی حفاظت کر رہا ہے اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر حملہ کرنے کے لیے انہیں ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan