
حیدرآباد، 17 نومبر (ہ س)۔
راموجی گروپ کے بانی راموجی راؤ کی یاد میں سالانہ راموجی ایکسیلنس ایوارڈ ۔ 2025ء کے تحت مختلف شعبہ جات میں نمایاں خدمات پر سات شخصیتوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ راموجی فلم سٹی میں ایوارڈ فنکشن کا شایان شان پیمانے پر انعقاد عمل میں آیا۔ نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما، سابق نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو، وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی، وزیراعلی آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، سابق چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا، مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو، مرکزی وزیر جی کشن ریڈی، سابق گورنربنڈارو دتاتریہ اور دوسروں نے شرکت کی۔ جے دیپ ہاردیکر(صحافت)، بی سریکانت (یوتھ آئیکان)، پروفیسرایس پرسنا سری (آرٹ اینڈ کلچر)، شریمتی آملہ اشوک (رورل ڈیولپمنٹ)، شریمتی پی گھوش (ویمنس اچیور) اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں پروفیسر جی مادھوی لتا کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سی ایچ کرن مینیجنگ ڈائریکٹر راموجی گروپ نے استقبال کیا۔ نائب صدرجمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے راموجی راؤ کو خراج پیش کرتے ہوئے راموجی گروپ کی خدمات کو سراہا۔ رنگارنگ تقریب میں سماج کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیتیں شریک تھیں۔ ریونت ریڈی، چندرا بابو نائیڈو، وینکیا نائیڈو اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق