
پروفیسر نعیمہ خاتون نے این ای پی 2020 پر مبنی کتاب کا اجرا کیا
علی گڑھ، 17 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ''این ای پی 2020 اور اعلیٰ تعلیم کا مستقبل: اکادمیا کی نظر سے'' کے عنوان سے مرتبہ کتاب کا اجرا کیا، جسے ڈاکٹر فائزہ عباسی، پروگرام ڈائریکٹر، یو جی سی مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر (ایم ایم ٹی ٹی سی)، اے ایم یو نے مرتب کیا ہے۔ یہ کتاب ایم ایم ٹی ٹی سی کے پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں کے شرکا کے لیے بنیادی نصابی مواد کے طور پر استعمال کی جائے گی۔ اس کا پیش لفظ ڈاکٹر شکیلہ ٹی شمسو (سابق او ایس ڈی برائے این ای پی، وزارتِ تعلیم) نے تحریر کیا ہے، جو این ای پی 2020کے مسودے کی تیاری کرنے والی کمیٹی کی سیکریٹری بھی رہ چکی ہیں۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے ایم ایم ٹی ٹی سی کی ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو ملک بھر میں اعلیٰ تعلیم کے اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میں شامل موضوعات یعنی کثیر شعبہ جاتی اور ہمہ جہت تعلیم، تعلیمی نظام، تعلیمی قیادت اور نظم و نسق، آئی سی ٹی، ہنر مندی اور تحقیق، این ای پی 2020 کے وژن سے گہری مطابقت رکھتے ہیں۔ وائس چانسلر نے یہ بھی بتایا کہ حال ہی میں کیواڑیہ، گجرات میں منعقدہ مرکزی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں انہوں نے اساتذہ کی تربیت سے متعلق پانچ رکنی پینل کی سربراہی کی، جہاں رہائشی اور آف لائن تربیتی پروگراموں کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔
پرو وائس چانسلر، پروفیسر محمد محسن خان نے کتاب کے مرتبین اور مصنفین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صنفی مساوات، خواتین کی قیادت میں ترقی اور جدید تدریسی طریقے جیسے ابھرتے ہوئے علمی موضوعات اس دور کی اہم ضرورت ہیں۔ ڈاکٹر فائزہ عباسی نے بتایا کہ یہ کتاب بنیادی طور پر اے ایم یو کے ماہرین کی مشترکہ کاوش ہے اور این ای پی کے نفاذ میں اے ایم یو کی قائدانہ حیثیت کا ایک اور ثبوت ہے۔ پروگرام کا اختتام سابق ڈائریکٹر ایم ایم ٹی ٹی سی، پروفیسر اے آر قدوائی کے شکریہ کے کلمات پر ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر ارشد حسین نے انجام دیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ