
حیدرآباد ، 17 نومبر (ہ س)۔
حیدرآباد ڈیزاسٹررسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹکشن ایجنسی(حیڈرا) نے شہرحیدرآباد کے گچی باولی میں سندھیا کنونشن سنٹر کے قریب غیر مجازتعمیرات کو منہدم کردیا۔پیرکی صبح پولیس کے بھاری بندوبست کے درمیان بھاری کرینس کے ذریعہ یہ کارروائی انجام دی گئی۔ذرائع کے مطابق سرکاری اراضی پرقبضہ کرتے ہوئے اس کنونشن سنٹر کے قریب تعمیرات کی شکایت کی بنیاد پر سرکاری ایجنسی نے یہ کارروائی کی ہے۔ گچی باولی کے ایف سی آئی ایمپلائیز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لے آؤٹ میں کچھ عرصہ سے غیر قانونی تعمیرات کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔
حکام نے بغیر اجازت تعمیر شیڈس اور دیگر عارضی ڈھانچوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہٹا دیا۔حکام نے واضح کیا ہے کہ شہر میں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔بتایاجاتا ہے کہ مقامی افراد اس سلسلہ میں ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے جس کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اس انہدامی کارروائی کی ہدایت دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق