
حیدرآباد ، 17 نومبر (ہ س)۔
جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے جی ایچ ایم سی انتخابات کی حکمت عملی پر قائدین سے مشاورت کی۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں گریٹرحیدرآباد کی ایک بھی نشست پر کانگریس کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ گزشتہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس کا مظاہرہ مایوس کن رہا۔ گریٹرحیدرآباد میں پارٹی کے کمزورموقف کے باوجود مقامی جماعت کی تائید سے جوبلی ہلز میں کانگریس کے امیدوار نوین یادو کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ وزیراعلی ریونت ریڈی نے جی ایچ ایم سی چناؤ میں مقامی جماعت کے ساتھ مفاہمت کی تجویز پیش کی ہے تاکہ بلدیہ کے اقتدار پر متحدہ طور پر قبضہ کیا جاسکے۔ گریٹرحدود میں پارٹی کیڈرکومتحرک کرتے ہوئے تنظیمی سطح پر کانگریس کو مستحکم کرنے کی تیاریاں ہیں۔ گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی منتخبہ باڈی کی میعاد 10 فروری 2026 کوختم ہو رہی ہے اور دسمبرسے انتخابی ماحول تیزہوسکتا ہے۔ ایسے میں کانگریس پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کی کوشش کررہی ہے تاکہ حکومت کی 2 سالہ کارکردگی کو عوامی تائید تصور کی جاسکے۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں کامیابی کے بعد وزیراعلی ریونت ریڈی کا موقف مستحکم ہوا ہے اور وہ جی ایچ ایم سی پر بھی پارٹی پرچم لہرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ گزشتہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں جو دسمبر2020 کو منعقد ہوئے تھے کانگریس کو محض 2 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ بی آر ایس نے 56، بی جے پی 48 اور مجلس کو 44 بلدی ڈیویژنس میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ 2016 کے بلدی انتخابات میں بھی کانگریس کو صرف 2 نشستیں حاصل ہوئی تھیں جبکہ بی آرایس99 اور مجلس کو44 نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ بی جے پی کو 4 اور تلگودیشم کو ایک ڈیویژن میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے حلقہ جات میں پارٹی کیڈر کو مستحکم کرتے ہوئے مجموعی طور پربہترمظاہرہ کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلی ریونت ریڈی نے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو جی ایچ ایم سی کی انتخابی حکمت عملی طے کرنے کے لئے گریٹر حیدرآباد پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ حکومت کی 2 سال کی مدت میں کانگریس کو 2 اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی چناؤ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ کامیابی کے تسلسل کو گریٹر حیدرآباد میں بھی جاری رکھنا وزیراعلی کی اولین ترجیح ہے۔ ۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق