
علی گڑھ, 10 نومبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر فار کنٹینیونگ اینڈ ایڈلٹ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن (مرکز تعلیم بالغان) کے زیرِ اہتمام این ایس 4 اکیڈمی کے اشتراک سے ”بیوٹی، اسکن اور ہیئر کیئر“ کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ منعقد کی گئی۔ سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے اپنے خطاب میں روزمرہ کی زندگی میں صفائی اور جسمانی نگہداشت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے ہنر پر مبنی کورسز آج کے دور میں تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں کیونکہ یہ شرکاء میں اعتماد پیدا کرتے ہیں اور پیشہ ورانہ مواقع کے دروازے کھولتے ہیں۔
این ایس 4 اکیڈمی کے ماہرین نے برائیڈل اور پارٹی میک اپ تکنیکوں پر لائیو ڈیمونسٹریشن سیشن پیش کیے، جن میں تازہ رجحانات اور پروفیشنل معیارات کو اجاگر کیا گیا۔ ریسورس پرسن مسٹر کرن نے بالوں کی دیکھ بھال اور انھیں صحت مند رکھنے کے سلسلہ میں مفید نکات بیان کیے۔ ورکشاپ میں 50 طالبات نے شرکت کی اور ماہرین کے خیالات سے استفادہ کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ