دہلی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر میں یوم اردو کے موقع پرمشاعرہ کا انعقاد
نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ہیڈکوارٹر میں پیر کو اردو ڈے کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایک مشاعرہ کا انعقادبھی کیا گیا۔ تقریب میں اردو زبان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کارپوریشن کے ملازمین کو اعزاز سے نواز
دہلی میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر میں یوم اردو کے موقع پرمشاعرہ کا انعقاد


نئی دہلی، 10 نومبر (ہ س)۔ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ہیڈکوارٹر میں پیر کو اردو ڈے کا پروگرام منعقد ہوا۔ اس موقع پر ایک مشاعرہ کا انعقادبھی کیا گیا۔ تقریب میں اردو زبان میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کارپوریشن کے ملازمین کو اعزاز سے نوازا گیا۔ بلرام شرما، ہما عباسی اور فرحین کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے کئی افسران اور ملازمین بشمول ڈپٹی میئر جئے بھگوان یادو، اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ستیہ شرما، قائد ایوان پرویش واہی اور ایڈیشنل کمشنر پنکج نریش اگروال موجود تھے۔

ڈپٹی میئر جئے بھگوان یادو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو صرف ایک زبان نہیں ہے بلکہ گنگا جمنی ثقافت کی علامت ہے۔ یہ زبان دلوں کو جوڑتی ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن تمام زبانوں اور ثقافتوں کا احترام کرنے کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن انتظامی کاموں کے ساتھ ساتھ ادبی اور ثقافتی روایات کے تحفظ میں بھی قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے۔ یوم اردو اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرپرسن ستیہ شرما نے کہا کہ اردو کی خوبصورتی اس کے آداب میں مضمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندی اور اردو آپس میں بھائی بہن ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ کارپوریشن خاندان کے بہت سے افسران اور ملازمین اس زبان کے فروغ میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

قائد ایوان پرویش واہی نے کہا کہ زبان کسی بھی معاشرے کی روح ہوتی ہے۔ یوم اردو ہمیں تمام زبانوں کے لیے یکساں احترام اور محبت برقرار رکھنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسی خاص مذہب کی زبان نہیں بلکہ ثقافت اور آداب کی زبان ہے۔ پروگرام کے آخر میںعظیم الشان مشاعرہ منعقد کیا گیا جس میں ملک کے نامور شاعروں اور ادیبوں نے اپنی شاعری سے سامعین کو مسحور کیا۔

اس موقع پر راحت اندوری مرحوم کے صاحبزادے ستلج اندوری نے اپنی شاعری سے لوگوں کے دل جیت لئے۔ ان کے ساتھ ہندی کے مشہور شاعر موہن منتظر، شاعر اکمل بلرامپوری، دمدار بنارسی، مزمل ایوب اور شاعرہ ندھی کشش نے بھی اپنی شاندار تخلیقات پیش کیں۔شرکاءکا کہنا تھا کہ یوم اردو نے سب کو زبان کی مٹھاس، خوبصورتی اور ثقافت کا احساس دلایا۔ ان سب نے میونسپل کارپوریشن کی اس طرح کی تقریب کے انعقاد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش نہ صرف زبان کی ترویج بلکہ دلوں کو جوڑنے والی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے بھی اہم ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande