
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں روزگار اور انٹرن شپ میلہ اختتام پزیر
علی گڑھ، 10 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفس (جنرل) کی جانب سے ایک روزہ جاب و انٹرن شپ فیئر ”ایلیویٹ 2025“ آج اختتام ہوگئی۔ اس میلے کو غیر معمولی پذیرائی ملی، جس میں دو ہزار سے زائد طلبہ نے رجسٹریشن کرایا اور 22 کمپنیوں نے حصہ لیا، جنہوں نے طلبہ کو متنوع پیشہ ورانہ اور انٹرن شپ کے مواقع سے آگاہ کیا۔
اس پروگرام کا بنیادی مقصد طلبہ کو کل وقتی اور جز وقتی روزگار و انٹرن شپ کے مواقع سے جوڑنا تھا، خاص طور پر علی گڑھ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں، نیز مقامی تنظیموں اور صنعتوں کو فروغ دینا بھی اس کا اہم ہدف تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پروفیسر رفیع الدین (ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر) نے طلبہ کو اعتماد، بہتر ابلاغ اور اہلیت پیدا کرنے کی ترغیب دی تاکہ وہ بڑھتی ہوئی مسابقتی دنیا میں کامیابی حاصل کرسکیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تکنیکی مہارت کے ساتھ سافٹ اسکلز کا امتزاج پیشہ ورانہ کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ مہمانِ اعزازی پروفیسر وبھا شرما، ممبر انچارج، دفتر رابطہ عامہ نے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ ٹیم کی محنت کو سراہتے ہوئے مہارت پر مبنی روزگار کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علی گڑھ کے مقامی روزگار کے مواقع کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور یقین دلایا کہ اے ایم یو اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت مقامی روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔
پروفیسر ٹی این ستیسن (ڈین، فیکلٹی آف آرٹس) نے اپنے خطاب میں طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ مارکیٹ کی ضرورتوں کے مطابق اپنے اندر ہنر کے فروغ پر توجہ دیں۔ پروگرام کا آغاز شعبہ کامرس کے ڈاکٹر انور احمد کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے شرکت کرنے والی کمپنیوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر سہیلیہ پروین (اسسٹنٹ ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر) نے اس اقدام کے مقاصد اور کیمپس و صنعت کے مابین روابط کو مضبوط بنانے میں ٹی پی او کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر کمپنیوں کے نمائندوں کی عزت افزائی کی گئی۔ تقریب کی نظامت شعبہ کامرس کے ڈاکٹر محمد صائم خان نے کی، جبکہ ڈاکٹر منصور عالم صدیقی نے شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ