
حیدرآباد، 10 نومبر (ہ س)۔
وزیراعلی ریونت ریڈی دعوی کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس 10 سال تک برسراقتداررہے گی۔ میٹ دی پریس پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چندرا بابونائیڈو 10 سال برسراقتداررہے جس کے بعد راج شیکھر ریڈی نے 10 سال حکمرانی کی۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کے سی آر10 سال تک وزیراعلی رہے۔ اسی روایت کوبرقرار رکھتے ہوئے تلنگانہ عوام کانگریس کو 2034 تک اقتدار میں رکھیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلی نے صحافیوں سے کہاکہ آپ نوٹ کرلیں کہ کانگریس 2 میعادوں کیلئے تلنگانہ میں برسر اقتدار رہے گی۔ ڈسمبر 2028 کے چناؤ میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابونائیڈواورراج شیکھرریڈی دورمیں جوترقیاتی پالیسی عمل کی گئی اسی کو برقراررکھتے ہوئے تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ آئی ٹی،فارماسویٹکلس ودیگر شعبوں میں تلنگانہ نے غیر معمولی ترقی کی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور میں ہر شعبہ کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرکے ریونت ریڈی نے کہا کہ عوام نے علیحدہ تلنگانہ تحریک میں کئی امیدوں سے حصہ لیا تھا لیکن بی آر ایس نے عوام کی توقعات پر پانی پھر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ، پرجا بھون اور کالیشورم کی تعمیر سے عوام کی کوئی بھلائی نہیں ہوئی برخلاف اس کے کرپشن اور بے قاعدگیوں کا انکشاف ہواہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق