
اے ایم یو کے شعبہ معالجات میں امراض قلب پر خطبہ کا اہتمام
علی گڑھ، 10 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ معالجات، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن نے دل سے متعلق امراض پر پروفیسر محمد اعظم حسین، شعبہ کارڈیو تھوریسک سرجری، فیکلٹی آف میڈیسن، اے ایم یو کے خطبہ کا اہتمام کیا۔ پروفیسر حسین نے اپنے خطاب میں بتایا کہ دنیا میں ہر پانچ میں سے ایک شخص دل کے کسی نہ کسی مرض سے متاثر ہے، جب کہ بوڑھے افراد اور ذیابیطس کے مریض اس کے زیادہ شکار ہیں۔ انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ اب یہ بیماریاں نوجوانوں میں بھی تیزی سے عام ہو رہی ہیں، جس کی بڑی وجہ طرزِ زندگی میں تبدیلیاں اور رویّے سے متعلق عوامل ہیں۔
انہوں نے خطرے کے عوامل کو دو زمروں، قابل تغیر اور غیر قابل تغیر میں تقسیم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ قابل تغیر عوامل جیسے سگریٹ نوشی، شراب نوشی، ذہنی دباؤ، نیند کی کمی، اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی پر قابو پا کر ان امراض کی روک تھام ممکن ہے۔ عوامی بیداری، قلبی امراض کی روک تھام میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ قلبی بیماریاں صرف دل تک محدود نہیں ہوتیں بلکہ وہ خون کی ان نالیوں کو بھی متاثر کرتی ہیں جو دماغ اور گردوں کو خون فراہم کرتی ہیں۔ پروفیسر حسین نے بتایا کہ ان کا شعبہ قومی و بین الاقوامی سرکاری اداروں اور غیرسرکاری تنظیموں کے ساتھ اشتراک کر کے قلبی صحت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، اور انہیں حکومتِ ہند کی جانب سے بھی تعاون حاصل ہے۔
تقریب میں پروفیسر محمد انور صدیقی (شعبہ علاج بالتدبیر)، پروفیسر ضمیر احمد، ڈاکٹر محمد محسن (شعبہ امراض جلد و زہرویہ)، ڈاکٹر نازش صدیقی (شعبہ علم الادویہ) سمیت متعدد اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ فیکلٹی آف یونانی میڈیسن کے مختلف شعبوں کے طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔ شعبہ معالجات کے سربراہ پروفیسر بدرالدجیٰ خان نے مقرر کا تعارف کرایا اور انہیں یادگاری نشان اور توصیفی سند پیش کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ