نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ دیوالی کے موقع پر دارالحکومت دہلی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کی اور مقررہ وقت سے زیادہ پٹاخے جلائے۔ دہلی پولیس نے رات گئے تک کارروائی کرتے ہوئے 150 سے زیادہ لوگوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ انہوں نے پٹاخوں کی غیر قانونی فروخت کے 50 سے زائد مقدمات بھی درج کئے۔
سپریم کورٹ نے 19 اور 20 اکتوبر کو صبح 6 بجے سے شام 7 بجے اور رات 8 بجے اور رات 10 بجے تک پٹاخے پھوڑنے کی اجازت دی تھی تاہم پیر کی رات شہر کے کئی علاقوں میں لوگ دیر رات تک پٹاخے پھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
دوارکا ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ مقررہ وقت سے باہر پٹاخے جلانے کے لیے ضلع میں 24 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ روہنی ضلع میں بھی اس طرح کے 24 کیس رپورٹ ہوئے، جب کہ غیر قانونی فروخت کے تین معاملے درج کیے گئے۔
آؤٹر نارتھ ڈسٹرکٹ میں وقت کی خلاف ورزیوں پر آٹھ اور غیر قانونی فروخت کے لیے ایک کیس درج کیا گیا۔ آؤٹر ڈسٹرکٹ میں 30 افراد پر مقررہ وقت سے باہر پٹاخے پھوڑنے اور 10 افراد پر غیر قانونی فروخت کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع میں ٹیمیں تعینات کرکے سخت چوکسی برقرار رکھی گئی ہے۔ ٹیموں نے بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے حساس علاقوں اور رہائشی کالونیوں میں گشت کیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ تہوار کے موسم کے دوران چوکسی جاری رہے گی تاکہ ہوا کا معیار مزید خراب نہ ہو۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی