حیدرآباد ، 21 ۔اکتوبر۔(ہ س)۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ پولیس امن و امان قائم رکھنے کے لئے اپنی جانیں بھی قربان کر رہی ہے۔ حیدرآباد کے گوشہ محل پولیس گراؤنڈ میں پولیس یادگارشہیداں تقریب میں وزیراعلیٰ مہمان خصوصی کے طور پرحاضرہوئے۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال آج کے دن ہم پولیس شہدا کو یاد کرتے ہیں۔ پولیس کا مطلب سماج کے لئے اعتماد اور یقین ہے۔ وہ بہادر ملازمین جو ہمارے لئے جانیں قربان کرتے ہیں، ان کی قربانی ناقابل فراموش ہے۔شہیدپولیس ملازمین کے خاندانوں کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرتی ہے۔ حال ہی میں ہلاک کانسٹیبل پرمود کے خاندان کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی۔ پولیس شہداکے خاندانوں کو رہائش کے لئے پلاٹ بھی دیئے جا رہے ہیں۔ہمارے پولیس ملازمین مختلف شعبوں میں ملک میں سر فہرست ہیں۔ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں پیش پیش ہیں۔ ڈرگس کی وبا سے لڑنے کے لئے ایگل نامی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔ حال ہی میں کئی مانوازپولیس کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ میں باقی ماونوازوں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ اصل دھارے میں شامل ہوں ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق