ایل جی لداخ نے فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا
جموں، 21 اکتوبر (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے بلند و بالا سرحدی خطے لداخ میں تعینات بھارتی فوج کے بہادر جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار جوش و جذبے سے منایا۔ رِنچن آڈیٹوریم میں فائر اینڈ فیوری کور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں لیفٹیننٹ
LG


جموں، 21 اکتوبر (ہ س)۔ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے بلند و بالا سرحدی خطے لداخ میں تعینات بھارتی فوج کے بہادر جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار جوش و جذبے سے منایا۔

رِنچن آڈیٹوریم میں فائر اینڈ فیوری کور کی جانب سے منعقدہ تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل ہتیش بھلا، جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) 14 کور، میجر جنرل پروین چھابڑا، جی او سی 72 سب ایریا، بریگیڈیئر اُمیش پرب اور بریگیڈیئر اجے کٹوچ سمیت اعلیٰ فوجی افسران بھی موجود تھے۔

لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے دیوالی کے موقع پر عوامِ لداخ کی جانب سے فوجی جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی بے مثال بہادری، قربانی اور وطن دوستی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب پوری قوم اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ خوشی و مسرت کے لمحات گزار رہی ہوتی ہے، اُس وقت ہمارے جوان برف پوش پہاڑوں اور انتہائی مشکل حالات میں مادرِ وطن کی سرحدوں کی حفاظت میں مصروف رہتے ہیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ قوم آج پُرامن انداز میں دیوالی مناتی ہے تو یہ بھارتی فوج کے جاں باز جوانوں کی قربانیوں اور عزمِ صمیم کا ثمر ہے۔ انہوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ سپاہی اُن چراغوں کی مانند ہیں جنہیں دشمن کی کوئی طاقت بجھا نہیں سکتی۔

انہوں نے کرگل جنگ 1999 کے دوران بھارتی فوج کے عزم و حوصلے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ سیاچن گلیشیئر جیسے دنیا کے بلند ترین محاذ پر بھی ہمارے بہادر جوان منفی 50 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت میں ثابت قدمی کے ساتھ وطن کی حفاظت کر رہے ہیں، جو حقیقی حب الوطنی کی عظیم مثال ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر نے بھگوان رام کی سیرتِ اعلیٰ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دیوالی روشنی کے اندھیرے پر، اور نیکی کے بدی پر غلبے کی علامت ہے، جو ہندوستان کی وحدت میں کثرت اور رواداری کی بہترین مثال پیش کرتی ہے۔ انہوں نے حکومتِ ہند اور یو ٹی انتظامیہ کی جانب سے فوجی اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے مکمل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ 2047 تک بھارت کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال وِکست بھارت کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کیا جا سکے۔

آخر میں لیفٹیننٹ گورنر نے جوانوں سے ملاقات کی، ان کے ساتھ خوشیاں بانٹیں اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ انہوں نے دعا کی کہ آنے والا سال بھارتی فوج کے جوانوں کے لیے امن، خوشحالی، ترقی اور کامیابیوں سے بھرپور ہو۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande